کراچی (زورآور نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان کی جمہوریت اور الیکشن کو ایک شخص کیلئے روکا گیا ہے، پاکستان کو لندن سے نہیں چلایا جاسکتا ، ریاستی انتظامات کے بعد استقبال بھی بڑا ہوگا اور الیکشن کی تاریخ بھی آئے گی، الیکشن میں تاخیر ووٹ کی عزت نہیں بے عزتی ہے۔ انہوں نے کراچی میں سانحہ کارساز کے شہداء کی برسی پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیالے نظریات اور منشور کی خاطر تخت دار پر چڑھ کر شہادتیں قبول کرلیتے ہیں، پیپلزپارٹی جیسے وفادار کارکن کہیں نہیں ملیں گے ،جیالے آمر اور دہشتگردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کربات کرتے ہیں، آج سانحہ کارساز کے شہیدوں کو یاد کرنے کیلئے یہاں جمع ہوئے ہیں، 18اکتوبر کو رات کے اندھیرے میں بزدل دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا، حملے میں 200جیالے شہید ہوگئے تھے، محترمہ شہید آمریت سے آزادی دلانے پاکستان آئی تھیں، محترمہ شہید کی وطن واپسی ایک تاریخی دن تھا۔انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل حل کرنے کیلئے متحد ہونا ہوگا، آج ملک میں ہر بات پر تقسیم ہے، آج ملک کو قومی اتحاد کی ضرورت ہے، نفرت تقسیم ، گالی کی روائتی سیاست کو رد کرنا پڑے گا، تقسیم کی بجائے خدمت کی سیاست پر زور دیا جائے،سیاست میں اختلاف رائے کی جگہ چھوڑنی ہوگی، پاکستان میں نئی سوچ اور نئی سیاست کی ضرورت ہے، ہمیں 2023کا جدید ترین پاکستان چاہیئے، آج پاکستان کو نئی قیادت کی ضرورت ہے، ایسی قیادت جو ماضی کی باتوں میں پھنسا ہوا نہ ہو، ماننا ہوگا کہ پاکستان اس وقت درست سمت میں نہیں چل رہا، معیشت تاریخی بحران سے گزر رہی ہے، سلیکشن کی سیاست نے جمہوریت کا جنازہ نکال دیا ہے، قصور جس کا بھی ہے اب آگے بڑھنا ہوگا، پارلیمنٹ اور سیاست کو جگہ دینا پڑے گی، ملک کے مستقبل کے فیصلے عوام کو دینا ہوں گے، سیاسی استحکام ہوگا تو معاشی استحکام بھی پیدا کرسکتے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کی جمہوریت اور الیکشن کو ایک شخص کیلئے روکا گیا ہے، واپسی خوش آئندہ ہے لیکن ہر کسی کو ترقی میں حصہ ڈالنا چاہیئے، پاکستان کو لندن سے نہیں چلایا جاسکتا سب کو ملک میں سوال کا جواب دینا پڑے گا، الیکشن کمیشن اب جلد الیکشن کی تاریخ کا اعلان بھی کرے گا، 90دن سے زائد کی کڑوی گولی تب کھا سکتے ہیں جب الیکشن کمیشن تاریخ کا اعلان کردے گا، ریاستی انتظامات کے بعد استقبال بھی بڑا ہوگا اور الیکشن کی تاریخ بھی آئے گی، الیکشن میں تاخیر ووٹ کی عزت نہیں بے عزتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک گیر انتخابی مہم کا آغاز کررہے ہیں، ایک ہی مطالبہ ہوگا کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرو۔
Comments are closed.