بشریٰ بی بی نے جیل میں عمران خان کی سیکورٹی اور تحفظ کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا

اسلام آباد(زورآورنیوز) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے جیل میں عمران خان کی سیکورٹی اور تحفظ کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں یہ درخواست لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی گئی۔دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ خدشہ ہے کہ عمران خان کو جیل میں کھانے کے ذریعے زہر دیا جا سکتا ہے، گھر کے کھانے کی اجازت نہیں دی گئی جیسا کہ ماضی میں قیدیوں کو سہولت دی گئی ،ذمہ دار میڈیکل افسر کے ذریعے خالص خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،درخواست میں کہا گیا کہ ملاوٹ زدہ خوراک شوہر کی زندگی کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے، میرے شوہر کو جیل مینوئل کے مطابق وہ سہولیات بھی نہیں دی جا رہیں جس کے وہ حقدار ہیں، جیل میں سہولیات کی فراہمی سے متعلق عدالتی حکم پر عمل درآمد کرایا جائے، میرے شوہر کے ساتھ جیل میں غیر انسانی سلوک آئین کے آرٹیکل 9 اور14 کی خلاف ورزی ہے ۔درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی کہ عمران خان کو جیل میں واک اور ایکرسائز کی سہولت فراہم کی جائے۔ دوسری جانب اڈیالہ جیل کی سیکیورٹی پر مامور پولیس نفری اور حفاظتی پکٹس میں اضافہ کر دیا گیا۔سابق وزیراعظم کی اٹک جیل منتقل کے بعد اسپیشل برانچ راولپنڈی کی جانب سے کیے گئے سکیورٹی آڈٹ اور راولپنڈی پولیس اور جیل حکام کی میٹنگ کے تناظر میں سینٹرل جیل راولپنڈی کے سیکیورٹی پلان پر نظرثانی کی گئی ہے جس کے تحت جیل کے اردگرد پکٹس دو سے بڑھا کر پانچ کر دی گئی۔یہ پکٹس داہل گاؤم ، جیل گیٹ نمبر 5، دیرہ موڑ، شائیگان فیکٹری اور ڈھوک منگا میں لگائی گئی جہاں 24 گھنٹے نفری موجود ہو گی۔جیل کے باہر تعینات نفری کی تعداد پچاس سے بڑھا کر 103 کر دی گئی۔اڈیالہ جیل سیکیورٹی کی اوور آل سپرویژن ایس ایس پی آپریشنز کریں گے۔

 

Comments are closed.