جس شخص نے کبھی یونین کونسل نہیں چلائی اسے ایٹمی طاقت کی کنجی تھما دی گئی تھی،احسن اقبال

لاہور (زورآور نیوز) احسن اقبال کا کہنا ہے کہ جس شخص نے کبھی یونین کونسل نہیں چلائی اسے ایٹمی طاقت کی کنجی تھما دی گئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن احسن اقبال نے مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آئی ایم ایف سے بدترین معاہدہ کیا،یہ وہ تاریخی ناکامی ہے جس کی پاکستان نے بھاری قیمت ادا کی۔چیئرمین پی ٹی آئی کے آئی ایم ایف معاہدے پر ہم نے کہا تھا یہ معاشی مفادات کا سودا کر رہے ہیں،عمران خان جو نسخہ دے کر گئے اس کا خمیازہ آج قوم بھگت رہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں صنعتوں کا پہیہ رک گیا اور نوجوان مایوسی کا شکار ہیں،آج ہم ملک کا جو حال دیکھ رہے ہیں،وہ سب کے سامنے ہے۔2013ء میں نواز شریف کو مشکل حالات ورثے میں ملے تھے۔بدامنی عروج پر تھی اور غیر ملکی سرمایہ کار بھاگ چکے تھے تاہم 2017ء تک مہنگائی،لوڈشیڈنگ اور بیروزگاری ختم ہو گئی تھی۔ جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن نے نواز شریف کو وزارتِ عظمٰی سے ہٹائے جانے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بدترین سازش کے ذریعے پارٹی قائد کو نا اہل کیا گیا،آج سازش کے کردار خود گواہی دے چکے ہیں کہ نواز شریف کیخلاف سازش ہوئی۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان پر ایک ناکامی مسلط کی گئی،جس شخص نے یونین کونسل نہیں چلائی اسے ایٹمی طاقت کی کنجی تھما دی گئی تھی۔ ہم نے اسمبلی فلور پر کہا تھا اس کا نتیجہ بدترین مہنگائی کی صورت میں نکلے گا۔ ن لیگ 2013ء کی طرح 2024ء میں ملک کو مہنگائی کی چکی سے نکالے گی،2024ء میں ایک نئے سفر کا آغاز ہو گا۔

 

Comments are closed.