عمران خان کے تحفظ پر درخواست پانچ اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر

اسلام آباد (زورآور نیوز) عمران خان کی جیل میں سکیورٹی اور تحفظ سے متعلق درخواست،اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست 5 اکتوبر کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں بشریٰ بی بی کی شوہر کی جیل میں سکیورٹی اور تحفظ کیلئے دائر درخواست پر اعتراضات کے ساتھ سماعت ہوئی۔ عدالت نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کر دئیے،عدالت نے درخواست کو دوبارہ نمبر لگا کر مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس عامر فاروق نے وکیل سے استفسار کیا کہ درخواست پر اعتراض لگایا گیا ہے،آپ کی درخواست میں استدعا کیا ہے؟ جس پر لطیف کھوسہ نے بتایا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے،ان پر وزیر آباد میں بھی حملہ ہو چکا ہے۔جیل میں سکیورٹی اور تحفظ کیلئے درخواست دائر کی گئی۔ چیف جسٹس نے اسفتسار کیا کہ درخواست پر اعتراضات دور کر دئیے ہیں،درخواست کو سماعت کیلئے کب مقرر کریں؟۔لطیف کھوسہ نے استدعا کی پرسوں کیلئے مقرر کر دیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے رجسٹرار آفس کو درخواست پر نمبر لگا کر 5 اکتوبر کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔ یاد رہے کہ چئیرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے جیل میں عمران خان کی سیکورٹی اور تحفظ کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی گئی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ خدشہ ہے کہ عمران خان کو جیل میں کھانے کے ذریعے زہر دیا جا سکتا ہے،گھر کے کھانے کی اجازت نہیں دی گئی جیسا کہ ماضی میں قیدیوں کو سہولت دی گئی۔ ذمہ دار میڈیکل افسر کے ذریعے خالص خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،درخواست میں کہا گیا کہ ملاوٹ زدہ خوراک شوہر کی زندگی کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔

 

Comments are closed.