11ویں قومی مالیاتی کمیشن کا قیام ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب چیئرمین مقرر ، نوٹیفکیشن جاری

صدر مملکت نے 11ویں نیشنل فنانس کمیشن کا قیام عمل میں لایا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب چیئرمین مقرر

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

صدر مملکت نے آئین پاکستان کے آرٹیکل 160 کے تحت 11ویں نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو این ایف سی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے جبکہ صوبوں کے وزرائے خزانہ اور ماہرین اس کمیشن کے ارکان ہوں گے۔

این ایف سی کا مقصد وفاق اور صوبوں کے درمیان ٹیکسوں کی آمدنی کی تقسیم اور دیگر مالی معاملات پر سفارشات فراہم کرنا ہے۔ کمیشن گرانٹس، قرضوں کے اختیارات اور بین الصوبائی منصوبوں کے اخراجات پر بھی مشاورت کرے گا۔

اس کمیشن میں وفاقی وزیر خزانہ چیئرمین ہوں گے، جبکہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان کے وزرائے خزانہ اور ماہرین ڈاکٹر اسد سیّد، ناصر محمود کھوسہ، ڈاکٹر مشرف رسول سیان اور فرمان اللہ بطور ارکان شامل ہوں گے۔

یہ کمیشن 21 جولائی 2020 کے پرانے نوٹیفکیشن کے تحت قائم کردہ 10ویں این ایف سی کی جگہ لے گا، جو اب تحلیل ہو چکا ہے۔ فنانس ڈویژن نئے کمیشن کو سیکرٹریٹ کی سہولت فراہم کرے گا تاکہ اس کی کارروائیوں کو بہتر طور پر منظم کیا جا سکے۔

این ایف سی کی تشکیل سے وفاق اور صوبوں کے درمیان مالی معاملات میں شفافیت اور توازن قائم کرنے کی امید کی جا رہی ہے، جو ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

Comments are closed.