پاکستان سمیت 16 ممالک کا عالمی فلوٹیلا برائے غزہ کی سلامتی پر اظہارِ تشویش، مکمل حمایت کا اعلان

پاکستان سمیت 16 ممالک کا عالمی فلوٹیلا برائے غزہ کی سلامتی پر اظہارِ تشویش، مکمل حمایت کا اعلان

مشترکہ بیان میں غزہ کے لیے امدادی مشن کی حمایت ، پُرامن راستہ دینے پر زور، غیر قانونی کارروائیوں سے گریز کی عالمی اپیل

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

پاکستان سمیت 16 ممالک نے عالمی سطح پر جاری انسانی امدادی مشن “عالمی ثابت قدم فلوٹیلا برائے غزہ” کی سلامتی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان کے مطابق یہ مشترکہ بیان ان ممالک کے وزرائے خارجہ نے جاری کیا، جن کے شہری اس امدادی قافلے کا حصہ ہیں۔

ترجمان کے مطابق عالمی فلوٹیلا کا مقصد غزہ کے محصور شہریوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد پہنچانا، موجودہ صورتحال سے عالمی برادری کو آگاہ کرنا، اور غزہ میں جاری جنگ کے فوری خاتمے کا مطالبہ کرنا ہے۔ اس فلوٹیلا میں شامل جہاز غیر مسلح ہیں اور صرف امدادی سامان لے کر روانہ ہوئے ہیں۔

بیان میں شامل ممالک میں پاکستان، بنگلہ دیش، برازیل، کولمبیا، انڈونیشیا، آئرلینڈ، لیبیا، ملائشیا، مالدیپ، میکسیکو، عمان، قطر، سلووینیا، جنوبی افریقہ، اسپین اور تُرکیہ شامل ہیں۔ ان ممالک نے مشترکہ طور پر کہا کہ امن، انسانی امداد کی فراہمی اور بین الاقوامی قوانین، خصوصاً انسانی ہمدردی کے اصول، ہماری حکومتوں کے مشترکہ عالمی اصول ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ہم تمام فریقین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ عالمی ثابت قدم فلوٹیلا کے خلاف کسی بھی غیر قانونی، جارحانہ یا پُرتشدد اقدام سے گریز کریں۔ فلوٹیلا کے راستے میں رکاوٹ یا حملہ بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہو گا، جس کا احتساب لازمی ہوگا۔

شفقت علی خان نے مزید کہا کہ بین الاقوامی پانیوں میں امدادی مشن کے جہازوں پر حملہ یا ان کے عملے کی غیر قانونی حراست انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے، جس پر بین الاقوامی سطح پر کارروائی کی جائے گی۔ بیان میں فریقین پر زور دیا گیا کہ وہ عالمی قوانین اور انسانی اقدار کے احترام کو یقینی بنائیں اور امدادی قافلے کو غزہ تک پُرامن رسائی دی جائے۔

ترجمان نے کہا کہ ہم دنیا کو یاد دلاتے ہیں کہ موجودہ صورتحال میں انسانیت کا تقاضا ہے کہ فلسطینی عوام کی فوری ضروریات کو نظرانداز نہ کیا جائے اور ان تک امداد کی بلا تعطل رسائی یقینی بنائی جائے۔

مشترکہ بیان میں عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کی حمایت میں اپنا کردار ادا کرے اور غزہ میں جاری انسانی بحران کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

Comments are closed.