قومی سلامتی کمیٹی اجلاس ، ایران پر حملے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی قراردادوں اوریواین چارٹر کی خلاف ورزی قرار
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی نے ایران پر حملوں کو عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی قراردادوں اوریواین چارٹر کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔ میڈیا کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ایران کیخلاف اسرائیلی جارحیت کے بعد خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
جاری کردہ اعلامیہ میں ایران پر اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی ملاقات پاکستان کی سٹریٹیجک اہمیت کی عکاس ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم ترین اجلاس ہوا، چیئرمین جوائنٹ چیف آف آرمی اسٹاف، تینوں سروسز چیف اور وفاقی وزراء اجلاس میں شریک ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ایران اسرائیل تنازع کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنا حالیہ دورہ امریکہ پر شرکاء کو اعتماد میں لیا، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے صدر ٹرمپ کے ساتھ ملاقات پر وزیراعظم شہباز شریف کو بریفنگ دی، جس پر وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے موجودہ صورتحال میں کردار کو سراہا اور کہا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات پاکستان کی سٹریٹیجک اہمیت کی عکاسی کرتی ہے۔
Comments are closed.