وزیراعظم شہباز شریف کی چوہدری نثار سے ملاقات ، موجودہ ملکی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال
راولپنڈی
شمشاد مانگٹ
وزیراعظم شہباز شریف نے راولپنڈی میں سابق لیگی رہنما چوہدری نثار علی خان سے ان کے گھر جا کر ملاقات کی ہے جس کے دوران دیرینہ دوستوں نے ایک دوسرے کو گلے لگایا اور وزیراعظم نے سابق وزیر داخلہ کو پھول بھی پیش کیے۔
ذرائع کے مطابق اتوار کے روز ہونے والی اہم ملاقات میں راز و نیاز اور شکوے شکایات کا تبادلہ ہوا جبکہ ذاتی، سیاسی امور اور قومی معاملات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم نے چوہدری نثار سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ “لگتا ہے آپ تو ہمیں بھول ہی گئے ہیں” جس کے جواب میں چوہدری نثار نے ناسازی طبعیت کو رابطوں کے فقدان کی وجہ قرار دیا۔
شہباز شریف نے ایک بار پھر چوہدری نثار سے ساتھ چلنے کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک کی بہتری کے لیے چھوٹے موٹے معاملات کو پس پشت ڈال دینا چاہیے۔
تاہم، چوہدری نثار نے فوری طور پر کسی حتمی فیصلے سے گریز کیا اور کہا کہ وہ اپنے رفقا سے مشاورت کریں گے۔
وزیراعظم نے چوہدری نثار کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور رابطے برقرار رکھنے پر زور دیا۔
یہ ملاقات شہباز شریف اور چوہدری نثار کی گزشتہ آٹھ برسوں میں دوسری ملاقات تھی، اس سے قبل گزشتہ برس شہباز شریف چوہدری نثار کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کے لیے ان کے گھر گئے تھے۔
ملاقات کے دوران چوہدری نثار کے صاحبزادے چوہدری تیمور بھی موجود تھے۔
Comments are closed.