پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ، نوٹیفکیشن جاری

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا

اسلام آباد 

شمشاد مانگٹ

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 262 روپے 59 پیسے سے بڑھ کر 272 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 258 روپے 43 پیسے سے بڑھ کر 266 روپے 79 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق اگلے پندرہ روز کے لیے نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں میں 2 روپے 50 پیسے کاربن لیوی عائد کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پیٹرول زیادہ تر نجی ٹرانسپورٹ، چھوٹی گاڑیوں، رکشوں اور دو پہیوں والی سواری میں استعمال ہوتا ہے اور اس کا براہ راست اثر متوسط ​​اور نچلے متوسط ​​طبقے کے بجٹ پر پڑتا ہے۔

یاد رہے کہ ٹرانسپورٹ کا زیادہ تر شعبہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر چلتا ہے، اس کی قیمت کو افراط زر میں کمی یا اضافے کی وجہ سمجھا جاتا ہے، کیونکہ یہ زیادہ تر بھاری نقل و حمل کی گاڑیوں، ٹرینوں، اور زرعی انجنوں، جیسے ٹرک، بس، ٹریکٹر، ٹیوب ویل اور تھریشرز میں استعمال ہوتا ہے۔

خاص طور پر سبزیوں اور دیگر کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کرتا ہے، ڈیزل کی قیمت کم ہونے کے باوجود ٹرانسپورٹ کرایوں میں شاذ و نادر ہی کمی آتی ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتنے بڑے اضافے سے مہنگائی کی نئی لہر آنے کا خدشہ ہے اور جس کا براہ راست اثر عام آدمی پر پڑے گا۔

Comments are closed.