میامی

فٹبال کے عالمی لیجنڈ لیونل میسی کے مداح دنیا بھر میں لاکھوں کی تعداد میں موجود ہیں، لیکن اس بار ان کی ایک 98 سالہ پرجوش فین نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا اور وہ بھی شادی کی پیشکش کے ساتھ 

دنیا بھر میں ’گینگسٹر گرینی‘ کے نام سے مشہور بزرگ خاتون پالین کینا نے نہ صرف لیونل میسی کو شادی کی آفر دی بلکہ اس لمحے کو نہایت دلچسپ انداز میں اسٹیڈیم اور سوشل میڈیا دونوں پر یادگار بنا دیا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب انٹر میامی، فیفا کلب ورلڈ کپ کے آخری گروپ اسٹیج میچ میں برازیل کی ٹیم پالمیراس کے خلاف میدان میں اُتر رہی تھی۔ میچ سے قبل وارم اپ کے دوران میسی کی نظر اس بینر پر پڑی، جس پر ہاتھ سے لکھا گیا تھا

“ Messi, will you marry me? ”

یہ بینر کسی عام مداح کا نہیں تھا، بلکہ 98 سالہ پالین کینا کا محبت بھرا پیغام تھا، جنہیں انٹرنیٹ پر ’گینگسٹر گرینے‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ بینر کو دیکھ کر میسی کے چہرے پر مسکراہٹ بکھر گئی ۔ انہوں نے ہاتھ کے اشارے سے نہایت خوشدلی سے انکار کیا، لیکن ان کا ردعمل صاف ظاہر کرتا تھا کہ وہ اس پیار بھرے لمحے سے محظوظ ہوئے ۔

پالین کینا صرف ایک نانی اماں نہیں ، بلکہ ایک سوشل میڈیا سنسیشن بھی ہیں ۔ وہ اپنے نواسے، راس اسمتھ کے ساتھ اکثر بڑے اسپورٹس ایونٹس میں نظر آتی ہیں — چاہے وہ ڈبلیو ڈبلیو بی  ہو، این ایف ایل کا میچ یا کوئی اور مشہور ایونٹ، ’گینگسٹر گرینی‘ ہر جگہ اپنی انوکھی موجودگی سے لوگوں کو حیران کر دیتی ہیں۔