صدر سواں گارڈن سوسائٹی رضا گوندل سمیت پوری منیجمنٹ کمیٹی فارغ

صدر سواں گارڈن سوسائٹی رضا گوندل سمیت پوری منیجمنٹ کمیٹی فارغ

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

سواں گارڈن سوسائٹی کے صدر رضا گوندل سمیت پوری منیجمنٹ کمیٹی کو بے ضابطگیوں، مالی کرپشن، ریکارڈ میں جعلسازی اور ممبران کے بنیادی مسائل حل نہ کرنے کے الزامات ثابت ہونے پر فارغ کردیا گیا ۔

، پوری منیجمنٹ کمیٹی 9 سال کسی بھی سوسائٹی کے الیکشن لڑنے کے لئے بھی نااہل قرار،اسسٹنٹ کمشنر رورل، فہد شبیر چیمہ ایڈمنسٹریٹر تعینات، آئندہ 60 روز میں نئے انتخابات کرانے کا حکم  ۔

رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز اسلام آباد نے سویلین ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (سی ای سی ایچ ایس) کی موجودہ مینجنگ کمیٹی کو فوری طور پر معطل کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر رورل، فہد شبیر چیمہ کو ایڈمنسٹریٹر مقرر کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ کارروائی اسلام آباد کوآپریٹو سوسائٹیز رولز 2018 کے رول 48 کے تحت کی گئی ہے۔

سوسائٹی کی مینجنگ کمیٹی پر سنگین غفلت، بے ضابطگیوں، مالی کرپشن، ریکارڈ میں جعلسازی، اور ممبران کے بنیادی مسائل حل نہ کرنے کے الزامات ثابت ہونے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔

موجودہ مینجمنٹ کمیٹی 05 جولائی 2022 کو منتخب ہوئی تھی، تاہم تقریباً دو سال گزرنے کے باوجود سوسائٹی کے اہم مسائل حل میں ناکام رہی جس کے بعد ہما ایوب نامی رہائشی نے 220 سے زائد ممبران کی دستخط شدہ درخواست ضلعی انتظامیہ کو دی درخواست میں سوسائٹی انتظامیہ پر ٹینکر مافیا کی سرپرستی، پانی کی غیر قانونی فروخت، مالی بے ضابطگیاں اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی جیسے الزامات شامل تھے۔

اس کے علاوہ سوسائٹی فیز I اور II کے (ایل او پی ) کی منظوری حاصل کرنے میں ناکام رہی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کی جانےوالی انکوائری میں مینجنگ کمیٹی کی جانب سے ماہانہ پیش رفت رپورٹ جمع نہ کرانا، ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن نہ کرنا، ویب سائٹ پر ووٹر لسٹ نہ دینا جیسی قانونی خلاف ورزیاں بھی سامنے آئیں۔

اورایف آئی اے کیس نمبر 29/2023 میں بھی مطلوبہ ریکارڈ فراہم کرنے میں کمیٹی ناکام رہی۔

انکوائری رپورٹ میں سوسائٹی کی مالی آڈٹ رپورٹ میں کیش ٹرانزیکشنز، چیک کے غلط اجرا اور ماڈل بائی لاز کی خلاف ورزیاں ثابت ہوئیں۔

انکوائری کمیٹی نے سوسائٹی انتظامیہ اکاؤنٹس کی تفصیل مانگی لیکن سوسائٹی انتظامیہ نے جمع کروانے پر بھی قانون کی خلاف ورزی کی ۔

جس کے بعد رجسٹرار کی حتمی سفارشات اور فیصلہ میں سواں گارڈن کی منیجمنٹ کمیٹی کو فوری معطل کرتے ہوئے، رضا گوندل سمیت پوری منیجمنٹ کمیٹی کو آئندہ تین انتخابات میں حصہ لینے سے نااہل قرار دیا گیا ہے۔

جبکہ اسسٹنٹ کمشنر رورل فہد شبیر چیمہ کو 60 دن کے لیے ایڈمنسٹریٹر مقرر کر دیا گیا تاکہ وہ نئے انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں۔

Comments are closed.