راولپنڈی،اینٹی کرپشن کی بڑی کارروائی،محکمہ مال کے ریکارڈ میں ٹمپرنگ،جعلی انتقال پر سابق پٹواری غلام عباس تارڑ گرفتار

راولپنڈی،اینٹی کرپشن کی بڑی کارروائی،محکمہ مال کے ریکارڈ میں ٹمپرنگ،جعلی انتقال پر سابق پٹواری غلام عباس تارڑ گرفتار

راولپنڈی

شمشاد مانگٹ

اینٹی کرپشن کی بڑی کارروائی ، مبینہ طور پر محکمہ مال کے ریکارڈ میں ٹمپرنگ کرنے جعلی انتقال کے ذریعے سادہ لوح عوام کو ان کی قیمتی جائیداد سے محروم کرنے کے الزام پر سابق پٹواری موضع چہان غلام عباس تارڑکو گرفتارکرلیاگیا۔

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ راولپنڈی نے محکمہ مال کے سرکاری ریکارڈ میں جعلی انتقال درج کرنے اور ریکارڈ میں ٹمپرنگ کرکے بھاری رشوت لینے کے کیس میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے سابق پٹواری موضع چہان غلام عباس تارڑ کو عدالت کے احاطے سے گرفتار کر لیا۔

عدالت عالیہ نے ملزم کی عبوری ضمانت بعد از سماعت خارج کر دی تھی۔
ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن سرکل راولپنڈی میں مقدمہ نمبر

2/2022 مسمی بوستان خان کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں پٹواری غلام عباس تارڑ پر جعلی انتقال درج اور محکمہ مال کے ریکارڈ میں ٹمپرنگ، جعلسازی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور مالی بدعنوانی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 420، 468، 471 اور انسداد بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ 5(2)47 شامل کی گئی ہیں۔

ابتدائی انکوائری میں انکشاف ہوا کہ ملزمان نے جعلی انتقال درج۔جعلی فرد کے ذریعے جعلی رجسٹریاں کروانے ، اور محکمہ مال کے ریکارڈ میں رد و بدل کے ذریعے بھاری رشوت لی۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملزمان نے ناجائز مالی فائدہ حاصل کرنے کے لیے شیخ وہاب-امیر مختار -دلپذیر کیانی وغیرہ کے ساتھ ملی بھگت کرتے ہوئے طمع نفسانی کی خاطر رشوت لیکر اس طرح کے ناجائز اور غیر قانونی کام کیا ہےاورجعلسازی کے متعدد حربے استعمال کیے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سابق پٹواری موضع چہان غلام عباس تارڑ ماضی میں بھی اس قسم کی جعل سازی ریکارڈ ٹمپرنگ اور رشوت ستانی جیسے مقدمات میں ملوث پایا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ مقدمہ قانون کے مطابق درج کیا گیا اور تمام شواہد کی روشنی میں تحقیقات جاری ہیں۔

مقدمے میں مدعی مقدمہ مسمی بوستان خان ساکن چہان کی قانونی معاونت معروف قانون دان سید مسعود الحسن شاہ بخاری ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان نے کی، جنہوں نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ملزم نے اپنے دیگر ساتھی ملزمان کے ساتھ مل کر زمینوں کے جعلی انتقالات درج کر کے اور محکمہ مال کے ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کر کے موضع چہان کے سادہ لوح عوام اور بلخصوص مدعی مقدمہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جس پر عدالت نے اتفاق کرتے ہوئے ملزم کی ضمانت خارج کرتے ہوئے گرفتار کرنے کا حکم صادر فرمایا جسے احاط عدالت سے ہی گرفتار کرلیا جبکہ مقدمہ میں دیگر ملزمان کی گرفتاری کا تحرک جاری ہے ۔

Comments are closed.