سکیورٹی خدشات ، پنجاب سے بلوچستان شام کے بعد سفر پر مکمل پابندی عائد

سکیورٹی خدشات ، پنجاب سے بلوچستان شام کے بعد سفر پر مکمل پابندی عائد

ٹرانسپورٹروں اور شہریوں سے اپیل ہے کہ شام کے وقت سفرسے گریز کریں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے ،عثمان خالد

ڈیرہ غازی خان
بلوچستان میں مسافروں کے خلاف دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر حکومت نے شام کے بعد پنجاب سے بلوچستان سفر پر پابندی عائد کر دی۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹروں اور شہریوں سے اپیل ہے کہ شام کے وقت سفرسے گریز کریں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔

اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سخی سرور اور بواٹہ میں تمام اقسام کی ٹرانسپورٹ سروسز عوامی اور نجی دونوں  کو روزانہ شام 5 بجے تک اپنی کارروائیاں بند کرنی ہوں گی۔

سفر صرف دن کی روشنی میں محدود ہے، رات کے وقت سفر کسی بھی صورت میں ممنوع ہے، تمام عوامی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو ڈی جی خان کے بس سٹینڈز پر روانگی سے قبل تمام مسافروں کی ویڈیو ریکارڈنگ کرنا لازمی ہوگا۔

ضوابط کے مطابق ہر عوامی ٹرانسپورٹ بس کے ساتھ دو مسلح نجی سیکیورٹی گارڈز ہونا لازمی ہے اور روانگی سے قبل یہ شرط پوری کرنا ہوگی، ہر بس میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہونے چاہئیں جو بس کے اندر اور باہر دونوں اطراف کی نگرانی کریں تاکہ سوار ہونے، اترنے اور سفر کے دوران کی سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جا سکے، ہر عوامی ٹرانسپورٹ گاڑی میں ٹریکنگ سسٹم اور ایک ایمرجنسی پینک بٹن بھی نصب ہونا لازمی ہے۔

نوٹیفکیشن میں خبردار کیا گیا ہے کہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت فوری کارروائی کی جائے گی۔

Comments are closed.