استاد العلماء حضرت مولانا سعید اللہ الازہری کی نماز جنازہ ادا، ہزاروں عقیدت مندوں کی شرکت
مولانا محمد حمزہ سعید جانشین مقرر
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
استاد العلماء حضرت مولانا سعید اللہ الازہری کی نماز جنازہ، ہزاروں عقیدت مندوں کی شرکت؛ مولانا محمد حمزہ سعید کو جانشین مقرر کر دیا گیا ۔
اسلام آباد کی معروف دینی و علمی شخصیت، جامع مسجد اقصی آئی ایٹ ٹو اسلام اباد کے بانی و خطیب، شیخ الحدیث، استاد العلماء حضرت مولانا سعید اللہ الازہری کو گزشتہ شب اشکبار آنکھوں کے ساتھ ایچ الیون اسلام آباد کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔
نماز جنازہ میں ملک بھر خصوصاً راولپنڈی و اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے ہزاروں شاگردوں، نمازیوں، علما و مشائخ، دینی و سیاسی شخصیات اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
بطور جانشین، ان کے صاحبزادے مولانا محمد حمزہ سعید کے سر پر علما، مشائخ، اہل علاقہ اور مسجد کمیٹی کی جانب سے پگڑی سجا کر اُنہیں ذمہ داری سونپی گئی اور اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
حضرت مولانا سعید اللہ الازہری جو پاکستان علماء فورم پنجاب کے صدر اور جمعیت علماء اسلام اسلام آباد کے سرکردہ رہنما تھے طویل علالت کے بعد گزشتہ روز انتقال فرما گئے۔ ان کے وصال کی خبر ایک دم سے پورے ملک میں پھیل گئی، اور دینی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی۔
مولانا ازہری ملک کی ممتاز دینی درسگاہ جامعہ علوم الاسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن کراچی کے مایہ ناز فاضل تھے، جبکہ ان کا آبائی تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام کے گاؤں ولاڑ گٹ سے تھا۔ ان کی دینی، تعلیمی اور سماجی خدمات کا دائرہ وسیع تھا۔
وہ تین دہائیوں سے تدریس کے شعبے سے وابستہ تھے اور انہوں نے جامعہ فرقانیہ مدنیہ کوہاٹی بازار راولپنڈی، جامعہ قاسمیہ تعلیم الاسلام ٹرسٹ ایف سیون فور اسلام آباد، اور جامعہ زینب للبنات سمیت کئی اداروں میں قرآن، حدیث، فقہ اور اسلامیات کی تدریس کی۔
اس کے ساتھ وہ مدرسہ تعلیم الاسلام جی سیون ٹو اسلام اباد کے سرپرست ، مجلس تعلیمی کے رکن اور ایم ٹی آئی میڈیا کے لیے رمضان المبارک تراویح میں پڑھے جانے والے سپاروں میں بیان کیے گئے اہم موضوعات کو مختصر بیان کے ذریعے ریکارڈ کروانے کے ساتھ ، ادارے کے منتظم کمیٹی کے اہم رکن اور اپنے آبائی علاقے میں قائم مسجد کے اور پرجوش سرپرست اور خادم تھے جبکہ ان کے ہزاروں شاگرد ملک و بیرون ملک دینی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
نماز جنازہ گرین پارک آئی ایٹ ٹو اسلام آباد میں ممتاز عالم دین ، مذہبی و سیاسی شخصیت جے یو ائی کے مرکزی رہنما مولانا عبدالمجید ہزاروی کی امامت میں ادا کی گئی، جس میں عوام و خواص کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جنازے سے قبل جامع مسجد اقصیٰ میں تعزیت اور جنازے میں شرکت کے لیے تشریف لائے ہوئے افراد کی کثیر تعداد کی مناسبت سے غیر رسمی اجتماع نے بھی ایک تعزیتی جلسہ کی شکل اختیار کر لی جس میں علما، مشائخ، سیاسی، سماجی شخصیات اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے مختصرا اظہار خیال بھی کیا ۔
اس موقع پر مولانا کی دینی خدمات، علم و عمل، نظم و ضبط، وقت کی پابندی اور تدریسی کردار کو بھرپور الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اجتماع کے اختتام پر متفقہ طور پر مولانا محمد حمزہ سعید کے سر پر جانشینی کی پگڑی باندھی گئی اور ان کے لیے دعا و حمایت کا اعلان کیا گیا۔ تمام افراد نے عزم ظاہر کیا کہ جس طرح وہ مولانا سعید اللہ ازہری کے ساتھ کھڑے تھے، اسی طرح ان کے صاحبزادے کے ساتھ بھی قدم بہ قدم رہیں گے بعد ازاں علماء و مشائخ کی موجودگی میں نماز عشاء کی امامت مولانا محمد حمزہ سعید نے کی ۔
مولانا ازہری کی وفات پر ان کے سرپرست ،بھائیوں ، چچا زاد اور قریبی رفقاء مولانا پیر برکت اللہ ربانی، مولانا قاری عبدالکریم، مفتی فیروزالدین ہزاروی، مفتی محمد عبداللہ ہزاروی، قاری محمد اکبر آزاد، قاری محمد اسماعیل، مولانا مفتی احسان الحق ، مولانا عبدالرحمن ، مولانا محمد حمزہ سعید، مولانا محمد ابوبکر حمید صابری، حفیظ اللہ عثمانی، مولانا نائب خان، حافظ سلیمان، قاری محمد ابراہیم، حافظ محمد شاہد، مولانا محمد بلال کے علاوہ مولانا شفیق الرحمن رحمانی اور دیگر اہل خانہ و متعلقین سے علمائے کرام، شاگردوں اور عوام کی جانب سے تعزیت کی گئی اور اللہ کے حضور دعا کی گئی کہ اللہ کریم حضرت ازہری صاحب کے کامل مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے آمین ۔
Comments are closed.