راولپنڈی ،ٹک ٹاک بناتی بس ہوسٹس نے بغیر ڈرائیور بس چلا دی، تین افراد کچلے، ایک کی حالت نازک

راولپنڈی ، ٹک ٹاک بناتی بس ہوسٹس نے بغیر ڈرائیور بس چلا دی ، تین افراد کچلے، ایک کی حالت نازک

ڈرائیور کی غفلت، ٹک ٹاکر ہوسٹس کی ناسمجھی ، سوشل میڈیا کے جنون نے راولپنڈی میں انسانی جان لے لی

راولپنڈی

شمشاد مانگٹ

سوشل میڈیا کے جنون نے ایک اور خطرناک رخ اختیار کر لیا۔ پیر ودھائی جنرل بس اسٹینڈ کے قریب واقع ڈی کلاس اڈے پر ایک بس ہوسٹس نے ڈرائیور کے بغیر بس چلا کر تین افراد کو روند ڈالا۔ واقعے میں ایک شخص شدید زخمی ہو گیا، جس کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ دو افراد کو معمولی زخم آئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق  بس ڈرائیور نے گاڑی سٹارٹ کر کے بس کو کھلا چھوڑ دیا اور خود نیچے اتر گیا۔ اسی دوران بس میں موجود ایک خاتون بس ہوسٹس، جو مبینہ طور پر ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہی تھی، نے گاڑی کا سٹیرنگ سنبھال لیا۔ گاڑی بے قابو ہو کر تیزی سے سڑک پار کرتے ہوئے جنرل بس اسٹینڈ کے داخلی راستے پر تین افراد پر چڑھ دوڑی۔

بس نے ایک رکشہ، کیری ڈبہ اور ایک کار کو بھی ٹکر ماری۔ حادثہ تھانہ پیر ودھائی کے بالکل سامنے واقع ہوا، جو مقامی انتظامیہ کی غفلت پر بھی سوالیہ نشان ہے۔

ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ شدید زخمی شخص کو سر پر چوٹیں آئیں، کیونکہ بس براہ راست اس کے اوپر چڑھ گئی تھی۔

عینی شاہدین کے مطابق، بس ہوسٹس بس چلاتے ہوئے ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہی تھی۔ واقعہ نہ صرف ایک خطرناک غفلت کی مثال ہے بلکہ یہ سوشل میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ استعمال کی بھی سنگین علامت ہے۔

اب یہاں چند سوالات پیدا ہوتے ہیں کہ آیا بس کمپنی کے خلاف کیا کارروائی ہوگی؟ ، خاتون بس ہوسٹس کو ٹریننگ دی گئی تھی یا نہیں؟ ، ڈرائیور کی یہ مجرمانہ غفلت کیوں نظر انداز کی گئی؟ ، تھانہ پیر ودھائی کے عین سامنے یہ سب کچھ کیسے ہوا؟

عوام کی جانب سے حکام سے فوری مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ آئندہ ایسے واقعات کا سدباب ہو سکے۔

Comments are closed.