دریائے ستلج کے اطراف 2 لاکھ افراد منتقل، پاک فوج اور این ڈی ایم اے کی امدادی کارروائیاں تیز

دریائے ستلج کے اطراف 2 لاکھ افراد منتقل، پاک فوج اور این ڈی ایم اے کی امدادی کارروائیاں تیز

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ
پنجاب اور ملک کے دیگر حصوں میں جاری مون سون 2025 کے شدید اسپیل نے خطرناک صورت اختیار کر لی ہے۔ دریائے ستلج، چناب اور راوی میں آنے والے سیلابی ریلوں کے باعث 2 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ پاک فوج اور این ڈی ایم اے کی جانب سے بھرپور ریلیف اور ریسکیو آپریشنز جاری ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ دریائے ستلج کے کنارے بسنے والے 2 لاکھ افراد کو پیشگی وارننگز کے ذریعے انخلا کروایا گیا، اور تاحال کسی قسم کا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ یہ مون سون سیزن کا آٹھواں اور سیکنڈ لاسٹ اسپیل ہے، اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والی شدید بارشوں (تین سو ملی میٹر سے زائد) نے پاکستان کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کو خطرناک حد تک بڑھا دیا ہے۔ سیالکوٹ اور شمالی پنجاب میں بارش کی شدت چھ سو ملی میٹر سے تجاوز کر گئی، جو 49 سالہ ریکارڈ ہے۔ جموں میں گزشتہ رات  تین سو ملی میٹر سے زائد بارش ہوئی جس کا اثر براہِ راست دریاؤں کے بہاؤ پر پڑا ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فوج نے اب تک 28 ہزار سے زائد افراد کو ریسکیو کیا، جبکہ امدادی کارروائیوں کے دوران 2 جوان شہید اور 2 زخمی ہوئے ہیں۔ پاک فوج اس وقت 29 میڈیکل کیمپس چلا رہی ہے۔ کرتارپور میں بڑا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں تباہ شدہ 3 بڑے پلوں کو بحال کیا جا چکا ہے ۔ آزاد کشمیر میں بھی ریلیف اور بحالی کے کاموں میں فوج کی بٹالینز متحرک ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا چاہے جنگ ہو یا قدرتی آفت، پاک فوج ہر حال میں اپنی عوام کے ساتھ ہے، اور کوئی باطل قوت عوام اور افواج پاکستان کے درمیان دراڑ نہیں ڈال سکتی ۔

وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم ایز کے درمیان مکمل کوآرڈینیشن موجود ہے، وزیراعظم خود ریسکیو آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں، اور ہر لمحے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دریائے راوی پر شادرا کی جانب صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔ متاثرین کو ٹینٹ، راشن اور دیگر بنیادی سہولیات این ڈی ایم اے کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہیں۔

Comments are closed.