سنگجانی کانٹا کرپشن : موٹروے پولیس کی کارروائی ، این ایچ اے ملازمین ملوث، ایف آئی آر درج، کرپشن کی رقم برآمد

سنگجانی کانٹا کرپشن : موٹروے پولیس کی کارروائی ، این ایچ اے ملازمین ملوث، ایف آئی آر درج، کرپشن کی رقم برآمد

سنگجانی کانٹا کرپشن میں شامل بروکرز اور افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

سنگجانی کانٹا کرپشن کے خلاف اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ یہ کارروائی یقینی طور پر قابلِ تعریف ہے، تاہم اب بھی کئی سوالات اپنی جگہ موجود ہیں جن کا جواب ملنا ضروری ہے۔

 ایف آئی آر کے مطابق  ڈمپر مافیا، بروکرز اور بعض این ایچ اے ملازمین کی ملی بھگت سے سنگجانی کانٹا کرپشن عروج پر پہنچی ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا واقعی تمام ملوث بروکروں کا خاتمہ کیا جائے گا یا یہ کارروائی صرف خانہ پوری تک محدود رہے گی؟

ایف آئی آر کے مطابق، ملزمان بروکرز اور کانٹے پر موجود این ایچ اے کے ملازمین کی ملی بھگت سے اوورلوڈ گاڑیوں کو بغیر وزن کرائے گزار رہے تھے۔ موٹروے پولیس نے شک کی بنیاد پر ایک گاڑی کو روکا، جس پر ڈرائیور نے بتایا کہ اسے کانٹا سسٹم کے بارے میں کوئی معلومات نہیں تھی۔ ڈرائیور کے مطابق، ایک نیلی یونیفارم والے اہلکار نے اس سے تین ہزار روپے لے کر گاڑی کو بغیر وزن کیے کانٹا کراس کروا دیا۔

اس اطلاع کے بعد، موٹروے پولیس نے مزید تحقیقات کی اور شواہد اکٹھے کر کے ملوث اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

اب یہ دیکھنا یہ ہے کہ نو تعینات ڈی ایس پی اور دیگر اعلیٰ حکام اس منظم کرپشن مافیا کو جڑ سے ختم کرنے میں کامیاب ہو پاتے ہیں یا یہ کارروائیاں صرف چھوٹے ملازمین اور ڈرائیورز تک ہی محدود رہیں گی، جیسا کہ ماضی میں اکثر ہوتا آیا ہے۔ عوامی اور سماجی حلقے اس بات کا مطالبہ کر رہے ہیں کہ بڑے بروکرز اور ان کے پشت پناہ افسران کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، تاکہ یہ کرپشن کا گھناؤنا کھیل ہمیشہ کے لیے ختم ہو سکے۔

Comments are closed.