سید علی گیلانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے مشن کو جاری رکھنا ہے ، الطاف احمد بٹ

 سید علی گیلانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے مشن کو جاری رکھنا ہے ، الطاف احمد بٹ

اسلام آباد

جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما الطاف احمد بٹ نے کہا ہے کہ قائدِ حریت سید علی گیلانی مرحوم کو حقیقی خراجِ عقیدت پیش کرنے کا واحد راستہ یہی ہے کہ ان کے مشن کو نہ صرف زندہ رکھا جائے بلکہ نئی نسل تک منتقل بھی کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی حریت قیادت بشمول مسرت عالم، شبیر شاہ، یاسین ملک، ظفر اکبر بٹ، آسیہ اندرابی اور دیگر متعدد قائدین بھارتی جیلوں میں اسیر ہیں۔ ان کی رہائی کے لیے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو مؤثر آواز بلند کرنی چاہیے تاکہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو دبانے کے بجائے اس کے حل کی راہیں ہموار ہوں ۔

الطاف احمد بٹ نے مزید کہا کہ پاکستان کی حالیہ پاک بھارت جنگ میں تاریخی کامیابی نے دنیا بھر میں بسنے والے کشمیریوں کے حوصلے بلند کیے ہیں۔ اس کامیابی نے کشمیری عوام میں نئی امید پیدا کی ہے کہ پاکستان ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور دیرینہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے گا ۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، تحریک آزادی ایک دن ضرور اپنی منزل کو پہنچے گی۔ انہوں نے پاکستانی قیادت سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مزید مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے اور کشمیری اسیران کی رہائی کے لیے بھرپور سفارتی مہم چلائی جائے۔

الطاف احمد بٹ نے قائدِ حریت سید علی گیلانی کی جدوجہد اور قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی پوری زندگی تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے وقف کر دی اور بھارتی مظالم کے باوجود اپنے موقف پر ڈٹے رہے۔

الطاف احمد بٹ نے عزم کا اظہار کیا کہ سید علی گیلانی کا مشن ہر حال میں جاری رکھا جائے گا اور ان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے کشمیری عوام اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کی مزاحمت اور ثابت قدمی کشمیری عوام کے لیے مشعلِ راہ ہے اور آزادی کی منزل تک پہنچنے تک ان کا پیغام زندہ رہے گا۔

Comments are closed.