بنوں میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر پر خودکش حملہ، 6 جوان شہید،5 دہشت گرد ہلاک

بنوں میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر پر خودکش حملہ، 6 جوان شہید،5 دہشت گرد ہلاک

پاک فوج اور ایف سی کا بروقت اور جرات مندانہ ردعمل، بنوں حملہ ناکام بنا دیا گیا

بھارتی حمایت یافتہ خوارج کا حملہ ناکام، قوم دہشتگردی کے خلاف مزید پرعزم

 راولپنڈی

شمشاد مانگٹ

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں قائم فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر پر ایک بزدلانہ دہشتگرد حملے کو پاک فوج اور ایف سی کے جوانوں نے بروقت، جرات مندانہ اور پیشہ ورانہ کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا۔ اس کارروائی میں خارجی دہشتگرد تنظیم کے 5شدت پسند ہلاک کر دیے گئے، تاہم 6سیکیورٹی اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق یہ حملہ ایک منظم منصوبے کے تحت بھارت کے حمایت یافتہ خوارج دہشتگردوں کی جانب سے کیا گیا، جنہوں نے ہیڈکوارٹر کی سیکیورٹی کو توڑنے کی ناکام کوشش کی۔ جب ناکامی ہوئی تو دہشتگردوں نے خودکش گاڑی کے ذریعے ایک زوردار دھماکہ کیا، جس کے نتیجے میں ہیڈکوارٹر کی بیرونی دیوار اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔دھماکے کی شدت کے باعث تین معصوم شہری زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حملے کے فوراً بعد پاک فوج اور ایف سی کے مستعد جوانوں نے دہشتگردوں کو مو¿ثر اور منظم انداز میں گھیر کر شدید فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ اس دوران چھ سیکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا اور اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر حملے کو مزید نقصان سے بچایا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشتگرد کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔ سیکیورٹی فورسز نے حملے کے ماسٹر مائنڈ اور سہولت کاروں کی تلاش کے لیے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مزید کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ یہ حملہ ایک بار پھر اس حقیقت کو ظاہر کرتا ہے کہ بھارتی ایجنسیاں پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کر رہی ہیں۔ ایسے بزدلانہ حملوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کا ہمارا عزم پہلے سے زیادہ مضبوط ہو چکا ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ قوم اپنے بہادر شہداء کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دہشتگردی کے خلاف یہ جنگ ابھی جاری ہے اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔پاکستان میں حالیہ مہینوں میں دہشتگردی کی وارداتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، خاص طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں، جس میں بھارت کی مبینہ مداخلت پر بارہا شواہد سامنے آ چکے ہیں۔قوم اپنے شہید جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کر دیں اور پاکستان کے امن کو محفوظ رکھنے میں اپنا کردار ادا کیا

Comments are closed.