ترک فضائیہ کے کمانڈر کی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات، دو طرفہ دفاعی تعاون پر گفتگو

ترک فضائیہ کے کمانڈر کی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات، دو طرفہ دفاعی تعاون پر گفتگو

ترکی اور پاکستان کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا عزم

راولپنڈی

ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیا جمیل قادی اوغلو نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز، راولپنڈی میں ہوئی، جہاں معزز مہمان کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور کے ساتھ ساتھ بدلتے ہوئے عالمی اور علاقائی جیو-اسٹریٹیجک حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور دفاعی و سیکیورٹی تعاون کی اہمیت پر زور دیا، اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان سٹریٹجک دوستی کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل قادی اوغلو نے پاک افواج کے پیشہ ورانہ معیار، انسدادِ دہشتگردی میں کامیابیوں اور خطے میں امن کے قیام کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔

ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون، تربیت، معلومات کے تبادلے اور اسٹریٹجک روابط کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا، جو دونوں برادر ممالک کے باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں معاون ثابت ہوگا۔

Comments are closed.