ہرمحاذ پر مقابلے کیلئے تیار ہیں ، اگلی بار سکور 0-6 نہیں بلکہ 0-60 ہوگا،ایئروائس مارشل شہریار

ہرمحاذ پر مقابلے کیلئے تیار ہیں ، اگلی بار سکور 0-6 نہیں بلکہ 0-60 ہوگا،ایئروائس مارشل شہریار

عوام کو کبھی مایوس نہیں کیا ، مزار قائد پر گارڈ تبدیلی کی  پروقار تقریب سے خطاب

کراچی

یوم دفاع پر مزار قائد پر گارڈ تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں پاکستان ایئرفورس اکیڈمی اصغر خان کے چاق و چوبند دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

اس تقریب کے مہمان خصوصی ایئروائس مارشل شہریار خان تھے جنہوں نے مزار قائد پر پھول رکھے اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے، انہوں نے پی اے ایف دستے کا معائنہ بھی کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر وائس مارشل شہریار خان نے کہا کہ پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کی امیدوں پر پورا اتری ہے، عوام کو کبھی مایوس نہیں کیا، ہم ہر محاذ پر تیار کھڑے ہیں، دفاع وطن کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہیں گے، اگلی بار سکور 0-6 نہیں بلکہ 0-60 ہوگا۔

ایئر وائس مارشل نے کہا کہ ہمارے دشمنوں کو ہمیشہ منہ کی کھانا پڑی، آئندہ بھی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے، آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص نے 6 ستمبر کی یاد تازہ کی، 6ستمبرہمیں اس دن کی یاد دلاتا ہے جب ہم نےدشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔

انہوں نے کہا کہ آج ائیر فورس کے لیے کمانڈ سنبھالنا اعزاز کی بات ہے، گارڈ کی تبدیلی کوئی رسم نہیں ہے، قائداعظم محمد علی جناح نے ہمیں اتحاد کا درس دیا، ہم قائداعظم کے نظریات کے امین ہیں، ہم دشمن کو ہر محاذ پر شکست دینے کےلئے تیار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ قدرتی آفات اور ریسکیو آپریشن کے دوران بھی پاک فضائیہ پیش پیش رہی، پاکستان کے ہر شہر اور ہر محاز پر دفاع ہماری ذمہ داری ہے، پاک فضائیہ ہمہ وقت دفاع وطن کے لیے تیار رہتی ہے، ائیر چیف مارشل بابر سدھو کی قیادت میں پاک فضائیہ مزید ماڈرن ہوئی ہے۔

ایئر وائس مارشل شہریار خان نے کہا کہ پوری قوم کو افواج پاکستان کی کامیابی پر فخر ہے، یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کی فضائی حدود کا دفاع پاک فضائیہ کے مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

کمانڈنگ آفیسر نے کہا کہ ہمارے شہداء نے جانوں کا نذرانہ دے کر وطن کو امن کا گہوارہ بنایا، ہم آج اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، پاکستان کے لیے اپنے بچوں کو قربان کرنے والے والدین کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہم پاکستان کی سرزمین کے خلاف اٹھنے والے ہر قدم کو ناکام بنائیں گے۔

خیال رہے کہ آج ملک بھر میں یوم شہداء و دفاع قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، آج دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت سے 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں سے 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، مساجد میں نماز فجر کے بعد پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ رواں برس مئی میں ہونے والی جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کا غرور خاک میں ملاتے ہوئے ناصرف جدید ترین رافیل طیاروں سمیت کئی جنگی جہازوں کو گرایا بلکہ کئی ائیر فیلڈز کو بھی تباہ کیا۔

Comments are closed.