اسلام آباد ، سینئر صحافی سعداللہ سیال ہوائی فائرنگ سے شدید زخمی

اسلام آباد ، سینئر صحافی سعداللہ سیال ہوائی فائرنگ سے شدید زخمی

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں سینئر صحافی اور معروف ڈپلومیٹک رپورٹر سعداللہ سیال شدید زخمی ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق سعداللہ سیال گزشتہ رات گلبرگ گرین کے ایک ہوٹل میں اپنے دوستوں کے ہمراہ بیٹھے چائے پی رہے تھے کہ اسی دوران اچانک ہوائی فائرنگ کی گئی۔ ایک گولی قریب سے گزرتی ہوئی ان کے سر کو چھوتی ہوئی کندھے میں جا لگی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔

زخمی صحافی کو فوری طور پر پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ تاہم حالت کی نازک صورتحال دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے انہیں سی ایم ایچ اسپتال ریفر کر دیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق سعداللہ سیال کو فوری اور بھرپور علاج کی ضرورت ہے تاکہ حالت مزید بگڑنے سے بچائی جا سکے۔

واقعے کے بعد صحافتی برادری میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ صحافی تنظیموں نے اسے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد جیسے حساس اور محفوظ تصور کیے جانے والے شہر میں اس طرح کا واقعہ پولیس اور انتظامیہ کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔

صحافتی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کو گرفتار کیا جائے اور صحافی برادری کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور قریبی ہوٹل اور اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ فائرنگ کرنے والے افراد کی نشاندہی کی جا سکے۔

Comments are closed.