رحیم یار خان: سیلاب متاثرین کو نکالنے والی کشتی الٹ گئی، 2 خواتین سمیت 3 جاں بحق، بچے لاپتہ

رحیم یار خان: سیلاب متاثرین کو نکالنے والی کشتی الٹ گئی، 2 خواتین سمیت 3 جاں بحق، بچے لاپتہ

موضع نوروالا میں ریسکیو کشتی کا حادثہ، 13 افراد بچا لیے گئے، ریسکیو آپریشن رات بھر جاری

رحیم یار خان

رحیم یار خان کے علاقے موضع نوروالا میں جاری سیلابی ریسکیو آپریشن کے دوران ایک کشتی الٹنے سے افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں دو خواتین سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ متعدد افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، متاثرہ کشتی میں تقریباً 28 افراد سوار تھے جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل تھے۔ یہ کشتی سیلاب زدہ علاقوں سے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی تھی کہ توازن بگڑنے کے باعث الٹ گئی۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، پاک فوج اور پنجاب پولیس نے مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔ اب تک 13 افراد کو زندہ بچایا جا چکا ہے، جبکہ تین افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔

جاں بحق ہونے والی خواتین کی شناخت شاہدہ بی بی اور سکینہ کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جا رہا ہے۔ لاپتہ افراد میں چھوٹے بچے بھی شامل ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں سرگرم عمل ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق، رات کے اندھیرے، تیز بہاؤ اور محدود وسائل کے باعث آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، تاہم سرچ اینڈ ریسکیو کی کارروائیاں بغیر کسی وقفے کے جاری ہیں۔

ادھر، واقعے کے بعد بعض حکومتی حلقوں کی جانب سے اس کشتی حادثے کو “افواہ” قرار دیا گیا، جس پر مقامی افراد اور عینی شاہدین نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔ متاثرہ خاندانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ریسکیو آپریشن تیز کیا جائے اور حقائق کو چھپانے کے بجائے شفاف معلومات فراہم کی جائیں۔

یہ واقعہ سیلابی علاقوں میں حفاظتی انتظامات کی کمی اور ریسکیو آپریشنز کی کمزوریوں کو بے نقاب کرتا ہے، جس پر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔

Comments are closed.