یومِ بحریہ 2025: پاک بحریہ کا شہداء کو خراجِ عقیدت، انسدادِ دہشت گردی مشق اور عوامی تقریبات کا انعقاد

یومِ بحریہ 2025: پاک بحریہ کا شہداء کو خراجِ عقیدت، انسدادِ دہشت گردی مشق اور عوامی تقریبات کا انعقاد

08 ستمبر یومِ بحریہ پر نیول چیف کا پیغام، پاک بحریہ کی آپریشنل مہارت کا شاندار مظاہرہ

راولپنڈی

شمشاد مانگٹ

پاک بحریہ میں یومِ بحریہ ملی جوش و جذبے، شہداء کو خراج عقیدت اور آپریشنل مہارت کے شاندار مظاہرے کے ساتھ منایا گیا۔ اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں تقریبات، مشقوں اور یادگار لمحات کا اہتمام کیا گیا۔

یومِ بحریہ کا آغاز قرآن خوانی اور شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔ دن بھر جاری رہنے والی تقریبات میں ملی نغموں اور تقریری مقابلے، میراتھن ریس، کشتی ریلی اور شہداء کے اہلِ خانہ سے ملاقات جیسے اہم پروگرام شامل تھے، جنہوں نے عوامی سطح پر حب الوطنی کے جذبے کو مزید تقویت بخشی۔

منوڑہ میں واقع پی این ایس قاسم پر ایک شاندار بحری انسدادِ دہشت گردی مشق کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاک بحریہ کی مختلف یونٹس نے شرکت کی۔ مشق کے دوران متعدد آپریشنل منظرناموں میں پاک بحریہ کی تیاری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور ہمہ وقت چوکس رہنے کے عزم کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔

اس تقریب میں اعلیٰ عسکری و سول حکام، شہداء کے اہلِ خانہ، غازیوں اور معزز شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس نے اس دن کی قومی اہمیت کو مزید اجاگر کیا۔

نیول چیف نے یومِ بحریہ پر اپنے پیغام میں کہا “08 ستمبر کا دن اُن سرفروشوں کے تاریخی حوصلوں کا مظہر ہے جو سمندری محاذ پر ثابت قدم رہے۔ معرکۂ حق کے دوران پاک بحریہ کی استقامت اور بحری سرحدوں کا ناقابلِ تسخیر دفاع ہمارے تابناک ماضی کا تسلسل ہے۔”

یومِ بحریہ کی یہ تقریبات نہ صرف قوم کو اپنے شہداء کی قربانیوں کی یاد دلاتی ہیں بلکہ بحریہ کی موجودہ آپریشنل تیاری کو اجاگر کرنے کا بھی ایک اہم ذریعہ ہیں۔

Comments are closed.