نیو کراچی ، گارمنٹس فیکٹری میں خوفناک آگ ، 3 منزلہ عمارت گرنے سے 5 فائر فائٹر زخمی

نیو کراچی ، گارمنٹس فیکٹری میں خوفناک آگ ، 3 منزلہ عمارت گرنے سے 5 فائر فائٹر زخمی

کراچی

نیو کراچی سیکٹر 8-اے میں گارمنٹس فیکٹری میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، آگ بجھانے کی کوششوں کے دوران 3 منزلہ عمارت دھماکے کے بعد زمین بوس ہو گئی جس کے نتیجے میں 5 فائر فائٹر زخمی ہوگئے، جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں موقع پر پہنچیں، تاہم آگ کی شدت میں اضافے پر مزید گاڑیاں طلب کی گئیں۔ بعد ازاں فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے 14 فائر ٹینڈرز، باؤزر اور اسنارکل کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کیں۔

اسی دوران زور دار دھماکے کے بعد فیکٹری کی 3 منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی اور ملبے کے نیچے کئی اہلکار دب گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا، جہاں دو اہلکاروں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

آتشزدگی کے نتیجے میں فیکٹری سے متصل زیر تعمیر عمارت کی شیٹرنگ کو بھی آگ نے لپیٹ میں لے لیا، تاہم ریسکیو عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔ فیکٹری کی عمارت گرنے سے ساتھ والی عمارت کو بھی معمولی نقصان پہنچا ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے عمارت کی بنیادیں کمزور ہوئیں جس کے باعث وہ گر گئی۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

Comments are closed.