سی ڈی اے ملازمین کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں تاخیر، مزدور یونین کا احتجاجی لائحہ عمل واضح

سی ڈی اے ملازمین کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں تاخیر، مزدور یونین کا احتجاجی لائحہ عمل واضح

سی ڈی اے مزدور یونین 16 ستمبر کو احتجاجی پروگرام کا اعلان، پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں تاخیر کے خلاف بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

سی ڈی اے مزدور یونین نے سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں تاخیر کے خلاف 16 ستمبر بروز منگل احتجاجی پروگرام کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے یونین کی جانب سے سی بی اے کمیٹی انوائرمنٹ ڈائریکٹوریٹ میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں یونین کے تمام سینئر عہدیداران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس میں چوہدری محمد یٰسین (جنرل سیکرٹری)، اورنگزیب خان (صدر)، حاجی صابر، چوہدری زاہد احمد، اظہر خان تنولی، راجہ رئیس، نمبردار لیاقت، ملک رزاق، چوہدری صغیر، محمد سرفراز ملک اور شیر محمد سیالوی سمیت دیگر عہدیداروں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مقررین نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین ہمیشہ ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے فعال رہی ہے اور ان کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا مسئلہ بھی یونین کی اولین ترجیح ہے۔ یونین قیادت نے سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے واضح فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان فیصلوں کے باوجود سی ڈی اے انتظامیہ پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں کسی قسم کی تاخیر سے کام لے رہی ہے، جس کے نتیجے میں ملازمین میں مایوسی اور اضطراب پایا جا رہا ہے۔

مزدور رہنماؤں نے کہا کہ پلاٹوں کی الاٹمنٹ ملازمین کا بنیادی حق ہے اور اس میں مزید تاخیر مزدوروں کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج میں ملازمین کی بھرپور شرکت اس بات کا مظہر ہوگی کہ وہ اپنے حقوق کے لیے متحد ہیں۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اگر سی ڈی اے انتظامیہ نے عدالتی فیصلوں پر فوری عمل درآمد نہ کیا تو احتجاجی پروگرام کو مزید وسعت دی جائے گی اور پورے شہر میں اس کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔

مزدور رہنماؤں نے سی ڈی اے انتظامیہ کو خبردار کیا کہ ملازمین کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے اور فوری طور پر پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا فیصلہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مزدور اپنے حقوق کے حصول کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

Comments are closed.