سیلابی تباہ کاریاں اور ڈی جے نائٹ پارٹیز،ٹکٹس 30 سے 50 ہزار روپے

سیلابی تباہ کاریاں اور اسلام آباد و راولپنڈی میں ڈی جے نائٹ پارٹیز،ٹکٹس 30 سے 50 ہزار روپے

قوم بھوک و مصیبت میں، فارم ہاؤسز میں رقص و سرور کی محفلیں،عوام کا فوری ایکشن کا مطالبہ

اسلام آباد/راولپنڈی

شمشاد مانگٹ

پنجاب بھر میں حالیہ سیلاب نے ہزاروں جانیں نگل لیں، لاکھوں مکانات تباہ ہو گئے اور بچے بھوک و افلاس سے تڑپ رہے ہیں۔ ایسے نازک وقت میں اسلام آباد کے سرائے خربوزہ (D-14) فارم ہاؤس اور راولپنڈی کے ٹی کے فارم، چک بیلی روڈ پر 13 ستمبر کو انٹرنیشنل ڈی جے نائٹ پارٹی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ ان تقریبات کے ٹکٹس 30 ہزار سے 50 ہزار روپے تک فروخت کیے جا رہے ہیں۔

عوامی و سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب پورا ملک سیلابی تباہ کاریوں سے دوچار ہے، متاثرین کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، ایسے میں عیاشی اور فحاشی کی یہ محفلیں قومی غیرت کے منہ پر طمانچہ ہیں۔ شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ آیا یہ ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان ہے یا پھر بے حیائی کا نیا اڈہ بنا دیا گیا ہے۔

قوم نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری ایکشن لیتے ہوئے ان تقریبات کو روکیں، ذمے دار عناصر کو بے نقاب کریں اور انہیں کڑی سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی حوصلہ شکنی ہو۔

Comments are closed.