اسلام آباد پولیس میں پروموشن کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا، جونیئر افسران کو نظرانداز کرنے پر مایوسی کا شکار
پنجاب پولیس سے نفرِی بلانے کی تیاری، اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کا مقامی فورس کو ترجیح دینے کا مطالبہ
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
اسلام آباد پولیس میں جونیئر افسران کی ترقی کے مسئلے نے شدت اختیار کر لی ہے۔ کئی برسوں سے خدمات انجام دینے والے مقامی افسران ترقی کے منتظر ہیں لیکن انہیں نظرانداز کیا جا رہا ہے، جس سے پولیس محکمے میں مایوسی اور بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، مقامی افسران کو ترقی دینے کی بجائے پنجاب پولیس سے نفرِی بلانے کی تیاری کی جا رہی ہے، جس سے اسلام آباد پولیس کے جونیئر افسران میں شدید ناراضگی پھیل رہی ہے۔ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ اس رویے سے محکمے کی اندرونی صورتحال متاثر ہو رہی ہے اور ان کے حوصلے پست ہو رہے ہیں۔
مقامی پولیس اہلکاروں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مقامی فورس کو ترقی دینے میں ترجیح دی جائے تاکہ سروس اسٹرکچر اور میرٹ پر قائم رہ سکے۔ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ اگر مقامی افسران کو ترقی کے مواقع فراہم نہیں کیے جائیں گے تو محکمے میں مزید بے چینی پھیل سکتی ہے، جس سے پولیس کی کارکردگی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس کے مرد اور خواتین اہلکاروں نے اس مسئلے پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ہمیشہ نظرانداز کیا گیا ہے اور اس رویے سے ان کی محنت کا کوئی فائدہ نہیں ہو رہا۔ اہلکاروں نے مزید کہا کہ اگر صورتحال میں بہتری نہ آئی تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔
Comments are closed.