ترکیہ کا پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امداد کا آغاز، 50 ہزار افراد تک پہنچانے کا ہدف
ٹیکا کی جانب سے پنجاب میں گرم کھانے، فیملی ہائیجین کٹس اور طبی سہولتوں کی فراہمی، ترکیہ کی یکجہتی کا عملی مظاہرہ
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
پاکستان کے مختلف حصوں میں تباہ کن سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ترکیہ کے ادارے ٹیکا کی جانب سے ہنگامی امدادی سرگرمیاں پنجاب میں جاری ہیں۔ ترکیہ نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے گرم کھانے، فیملی ہائیجین کٹس اور مفت طبی سہولتوں کی فراہمی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
ٹیکا کی ٹیم نے ضلع قصور، جھنگ، بہاولنگر اور مظفرگڑھ میں بے گھر خاندانوں کو فوری امداد فراہم کی ہے۔ ان خاندانوں کو گرم کھانے کے ساتھ ساتھ فیملی ہائیجین کٹس فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ان کی صفائی اور صحت کی صورتحال بہتر ہو سکے۔ مزید برآں، ٹیکا کے موبائل کلینک کے تحت وزیرآباد، سیالکوٹ، قصور اور ملتان میں صحت کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں متاثرہ افراد کو مفت طبی معائنہ اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔
اس سے قبل خیبرپختونخوا (کے پی) کے اضلاع بونیر اور سوات میں بھی ٹیکا نے اسی نوعیت کے امدادی اقدامات کیے تھے۔ وہاں متاثرہ گھروں کو گرم کھانے فراہم کیے گئے، اور موبائل کلینک کے ذریعے صحت کی سہولتیں فراہم کی گئیں۔ بونیر میں عارضی پناہ گاہوں میں مقیم خاندانوں کو صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے فیملی ہائیجین کٹس بھی فراہم کی گئیں۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا میں اپنی ہنگامی امدادی کارروائیوں کے ذریعے ٹیکا کا ہدف 50 ہزار متاثرہ افراد تک گرم کھانے، ہائیجین کٹس اور بنیادی صحت کی خدمات پہنچانا ہے۔ یہ اقدامات ترکیہ کی جانب سے پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور مشکل وقت میں کمزور کمیونٹیز کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
Comments are closed.