پاکستان اور خارجیوں میں سے ایک کا انتخاب کریں ، وزیراعظم شہباز شریف کا افغانستان کو واضح پیغام

وزیراعظم نے بنوں میں سکیورٹی ذرائع کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت

پاکستان اور خارجیوں میں سے ایک کا انتخاب کریں ، وزیراعظم شہباز شریف کا افغانستان کو واضح پیغام

بنوں

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بنوں کے دورے کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں افغان باشندوں کے ملوث ہونے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ افغانستان کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ وہ خارجی عناصر اور پاکستان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرے۔

وزیراعظم نے بنوں میں سکیورٹی ذرائع کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی، جس میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور ان کے تدارک کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور اس میں کسی قسم کا ابہام برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے سرغنہ اور سہولت کار افغانستان میں موجود ہیں، جن کی پشت پناہی ہندوستان کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے افغانستان کو ایک واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے افغان باشندے ہیں جو افغانستان سے پاکستان آ کر دہشت گردی کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم افغان باشندوں کا جلد انخلا ضروری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے معاملے پر سیاست اور گمراہ کن بیانیے کو مکمل طور پر رد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی خارجی عناصر اور ہندوستان کی دہشت گرد پراکسیوں کی سہولت کاری کرے گا، اُس کے ساتھ اُسی زبان میں بات کی جائے گی جس کا وہ حق دار ہے۔

وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان میں دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے 12 بہادر سپاہیوں کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی اور ان کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے زخمیوں کی عیادت بھی کی اور ان کے عزم و حوصلے کو سراہا۔

شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مزید مؤثر جواب دینے کے لیے جو ضروری انتظامی اور قانونی اقدامات کرنے پڑے، وہ فوراً کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ پاکستان کے عوام اور ریاست ایک صف میں کھڑے ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔

Comments are closed.