چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کا شہریوں کو پیغام، ون ویلنگ ایک خونی کھیل ہے، فوری روک تھام ضروری

چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کا شہریوں کے نام پیغام ، ون ویلنگ ایک خونی کھیل ہے، فوری روک تھام ضروری

راولپنڈی پولیس کا ون ویلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، مکینکوں کے خلاف بھی سخت کارروائی

راولپنڈی

شمشاد مانگٹ

چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم نے شہریوں کو ون ویلنگ کے خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے ایک پیغام دیا ہے، جس میں انہوں نے اس خونی کھیل کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال ون ویلنگ کے نتیجے میں سیکڑوں بچے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں اور متعدد افراد معذور ہو جاتے ہیں۔

فرحان اسلم نے کہا کہ ون ویلنگ نہ صرف کرنے والے فرد کی زندگی کو خطرے میں ڈالتا ہے بلکہ دوسرے روڈ یوزرز کی جان و مال کے لیے بھی ایک بڑا خطرہ بن جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی پولیس نے اس سلسلے میں سخت کاروائی کا آغاز کر دیا ہے اور کریک ڈاؤن کے دوران ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف باقاعدہ ایف آئی آر درج کروا کر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

چیف ٹریفک آفیسر نے والدین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں اور کم عمری میں انھیں موٹر سائیکل یا گاڑی دینے سے گریز کریں تاکہ بچوں کو حادثات سے بچایا جا سکے اور قانونی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی ان تمام مکینکوں کی خفیہ نگرانی کر رہی ہے جو ون ویلنگ کے لیے موٹر سائیکلوں میں تبدیلی کرتے ہیں۔ اس قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث کسی بھی مکینک کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔

Comments are closed.