چوہدری امجد حسین انتقال کر گئے ، ٹیکسلا کی صحافت ایک روشن چراغ سے محروم ہوگئی

چوہدری امجد حسین انتقال کر گئے ، ٹیکسلا کی صحافت ایک روشن چراغ سے محروم ہوگئی

ٹیکسلا

شمشاد مانگٹ

ٹیکسلا کی صحافت کا ایک درخشندہ باب اختتام پذیر ہوگیا ۔ معروف صحافی اور روزنامہ اوصاف سے وابستہ سینئر رپورٹر چوہدری امجد حسین رضائے الٰہی سے وفات پا گئے۔ ان کی نمازِ جنازہ بروز منگل دوپہر 2:30 بجے ان کے آبائی گاؤں سہال چکری میں ادا کی جائے گی۔

مرحوم چوہدری امجد حسین نے صحافت کے میدان میں کئی دہائیوں تک خدمات سرانجام دیں اور اپنی بے باک رپورٹنگ، دیانت داری اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے جذبے سے ایک منفرد پہچان بنائی۔ وہ نہ صرف کہنہ مشق اور نڈر صحافی تھے بلکہ اپنی سادگی، خوش اخلاقی اور پروفیشنلزم کے باعث ہر طبقے میں یکساں مقبول تھے۔

چوہدری امجد حسین نے ہمیشہ مظلوموں کی آواز بلند کی اور محروم طبقوں کے حقوق کے لیے اپنے قلم کو ہتھیار بنایا۔ ان کی تحریریں محض خبریں نہیں بلکہ حق و انصاف کی ترجمان ہوا کرتی تھیں۔ علاقے میں وہ صحافت کی ایک زندہ مثال اور سچائی کا نشان سمجھے جاتے تھے۔

ان کی وفات پر صحافتی برادری، سیاسی و سماجی حلقوں، دوستوں اور اہل علاقہ نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ان کے قریبی رفقاء کے مطابق، مرحوم کی رحلت ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے جس کا خلا مدتوں پُر نہیں ہو سکے گا۔

اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں بلند مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔ آمین۔

Comments are closed.