پروفیسر محمد ابراہیم خان کا عمان میں ماہی گیروں کی کشتی میں آگ لگنے سے 22 ماہی گیروں کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار

پروفیسر محمد ابراہیم خان کا عمان میں ماہی گیروں کی کشتی میں آگ لگنے سے 22 ماہی گیروں کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار

بنوں

ولی الرحمن

امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا جنوبی پروفیسر محمد ابراہیم خان نے عمان کی حدود میں ماہی گیروں کی کشتی میں آگ لگنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور واقعے میں بنوں کے 22 ماہی گیروں کی شہادت پر رنج و غم اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

گزشتہ روز خوجڑی ضلع بنوں میں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کے موقع پر انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان رزقِ حلال کمانے کے دوران شہید ہوئے ہیں۔ ہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بنوں کے ماہی گیروں کے خاندانوں کی خبر گیری کریں۔ ان میں بہت سے افراد شادی شدہ اور بچوں والے تھے، ان کی شہادت سے بچے یتیم اور خواتین بیوہ ہوگئی ہیں۔ دونوں حکومتیں متاثرہ خاندانوں کے مالی امداد کا اعلان کریں۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور کربناک ہے۔ ہم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے شہداء کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

پروفیسر ابراہیم خان نے واپڈا کے پانچ ملازمین کی نامعلوم افراد کے ہاتھوں اغواء ہونے کے خلاف واپڈا ہاؤس بنوں میں ہائیڈرو یونین کی ہڑتال میں شرکت کی اور یونین کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

انہوں نے اہلکاروں کو اغواء کرنے کی شدید مذمت کی اور حکومت اور سیکورٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ مغوی اہلکاروں کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اغواء کے واقعات تسلسل سے جاری ہیں، لیکن حکومت اور ادارے صرف تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے یونین کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی دکھ کی گھڑی میں واپڈا ملازمین کی یونین اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ جماعت اسلامی ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہوگی۔

Comments are closed.