الخلیل قرآن کمپلیکس کے مہتمم حافظ نسیم خلیل کا پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے کا خیرمقدم

الخلیل قرآن کمپلیکس کے مہتمم حافظ نسیم خلیل کا پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے کا خیرمقدم

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

الخلیل قرآن کمپلیکس کے مہتمم حافظ نسیم خلیل نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ اسٹریٹیجک دفاعی معاہدے کو نہایت خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان اخوت و اعتماد کا مظہر ہے بلکہ امت مسلمہ کے اتحاد کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو گا۔

حافظ نسیم خلیل نے اپنے ایک بیان میں اس معاہدے کو امتِ مسلمہ کی فلاح و بہبود کے لئے ایک مثبت پیشرفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا یہ تاریخی معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھولے گا اور دونوں کی دفاعی، اقتصادی اور مذہبی بنیادوں پر شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گا۔

حافظ نسیم خلیل نے اس معاہدے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو سراہا، اور کہا کہ موجودہ سیاسی و عسکری قیادت کی بہترین پالیسیوں کے نتیجے میں پاکستان کو ہر محاذ پر کامیابیاں مل رہی ہیں اور عالمی سطح پر اس کا وقار بلند ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا حرمین شریفین کے تحفظ کا شراکت دار بننا ایک بہت بڑی عزت کی بات ہے، اور جب پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے کے دفاع، خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کا عہد کر رہے ہیں، تو یہ دشمنان اسلام کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ امت مسلمہ اب بیدار ہو چکی ہے۔

حافظ نسیم خلیل نے یہ بھی کہا کہ یہ معاہدہ صرف دفاع تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ یہ تعلیم، معیشت اور دین اسلام کی خدمت کے میدان میں بھی ایک نیا باب کھولے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ تاریخی معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں سنگ میل ثابت ہو گا۔

حافظ نسیم خلیل نے اپنے بیان کے آخر میں دعا گو ہوتے ہوئے کہا ہم دعا گو ہیں کہ یہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے اور امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں ایک اہم پیشرفت ثابت ہو۔

یہ معاہدہ دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات میں ایک نیا سنگِ میل ثابت ہوگا، اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے ایک مضبوط پیغام بھی فراہم کرے گا۔

Comments are closed.