سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا چیئرمین سینیٹر محمد طلحہ محمود منتخب

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا چیئرمین سینیٹر محمد طلحہ محمود منتخب

طلحہ محمود کا قومی سلامتی اور دفاعی اصلاحات کے لیے عزم کا اظہار

اسلام آباد

ولی الرحمن

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اجلاس میں سینیٹر محمد طلحہ محمود کو متفقہ طور پر کمیٹی کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کی میڈیا ڈائریکٹوریٹ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق، سینیٹر عمر فاروق نے چیئرمین شپ کے لیے سینیٹر طلحہ محمود کا نام تجویز کیا جس کی تائید سینیٹر سرمد علی نے کی۔ اس کے بعد ایوان نے متفقہ طور پر اس فیصلے کی منظوری دی۔

طلحہ محمود نے چیئرمین شپ کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد کہا کہ دفاعی کمیٹی ایوانِ بالا کی سب سے اہم کمیٹی ہے اور اس عہدے کی حصول ان کے لیے ایک عظیم اعزاز ہے۔ انہوں نے افواج پاکستان کی قربانیوں کو پوری قوم کے لیے فخر کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج کی جانب سے پیش کی جانے والی قربانیاں بے مثال ہیں اور ان کی قربانیوں کا اعتراف کرنا ہر پاکستانی کا فرض ہے۔

نومنتخب چیئرمین کمیٹی نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران افواج پاکستان کی جرات اور بہادری کی بھرپور تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی ہر چیز سے مقدم ہے اور اس کے لیے پوری قوم کو یکجہتی کے ساتھ متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فوج کا ساتھ دینا قومی مفاد کے لیے انتہائی ضروری ہے اور اس کے لیے تمام اداروں کے ساتھ تعاون کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

طلحہ محمود نے سعودی عرب کے ساتھ حالیہ معاہدے کو پاکستان کے لیے نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کو اس معاہدے کے حوالے سے اعتماد میں لینا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ وزارت دفاع سے منسلک اداروں میں اصلاحات اور بہتری لانے کے لیے پرعزم ہیں تاکہ دفاعی شعبے کو مزید مضبوط اور موثر بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ سینیٹر طلحہ محمود اس سے قبل سنہ 2006 سے مختلف قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین رہ چکے ہیں، مگر انہوں نے کہا کہ دفاعی کمیٹی کی سربراہی میرے لیے ایک خاص اعزاز ہے کیونکہ یہ کمیٹی پاکستان کی قومی سلامتی اور دفاعی امور کے حوالے سے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

Comments are closed.