اسلام آباد ، گیس لائنز کے بعد سڑکوں کی ناقص مرمت ، شہری سراپا احتجاج ، ذمہ داران کیخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
وفاقی دارالحکومت کے مصروف رہائشی علاقے سیکٹر جی سکس ون تھری میں گیس کی نئی لائنز بچھانے کے بعد سڑکوں اور گلیوں کی غیر معیاری مرمت نے مقامی آبادی کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ علاقہ مکینوں نے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر ایک انسپکشن ٹیم یا مجاز افسر مقرر کرے جو مرمتی کام کا جائزہ لے اور ناقص کام میں ملوث ٹھیکیداروں کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔
رہائشیوں کے مطابق، گیس لائنز کی تنصیب کے لیے کی گئی کھدائی کے بعد سڑکوں کو بھرنے اور دوبارہ تعمیر کرنے کا عمل انتہائی غیر معیاری انداز میں انجام دیا گیا۔ گلیوں میں جگہ جگہ گڑھے پڑ چکے ہیں، پانی کھڑا ہونے لگا ہے، اور مرمت میں استعمال شدہ مواد بھی ناقص ہے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ نہ تو ٹائلز کو درست طریقے سے نصب کیا گیا ہے اور نہ ہی تارکول کا استعمال معیار کے مطابق کیا گیا۔
علاقہ مکینوں نے شکایت کی ہے کہ بارہا متعلقہ اداروں کو اطلاع دینے کے باوجود اب تک نہ تو کوئی معائنہ کیا گیا ہے اور نہ ہی مرمت کا کام دوبارہ شروع کیا گیا ہے۔ اس غفلت کے باعث شہریوں کو نہ صرف آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے بلکہ ان کا خدشہ ہے کہ بارشوں کے دوران صورتحال مزید بدتر ہو سکتی ہے۔
عوام علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ سی ڈی اے مرمتی کام کا فوری معائنہ کرے اور ذمہ دار ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ سڑکوں اور گلیوں کی مرمت کو معیاری طریقے سے دوبارہ مکمل کیا جائے۔ مستقبل میں ایسے ترقیاتی منصوبوں کے بعد نگرانی کا مؤثر نظام وضع کیا جائے۔
شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ مسئلہ بروقت حل نہ کیا گیا تو آئندہ چند ہفتوں میں ہونے والی بارشوں سے نہ صرف سڑکیں مزید خراب ہو جائیں گی بلکہ حادثات، پانی کی نکاسی کے مسائل اور صحت عامہ کے خطرات بھی جنم لے سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد جیسے جدید شہر میں بنیادی شہری سہولیات کا اس حد تک متاثر ہونا باعثِ تشویش ہے۔ سی ڈی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو فوری نوٹس لینا ہوگا تاکہ نہ صرف عوام کے تحفظات کو دور کیا جا سکے بلکہ ایسے مسائل کی روک تھام کے لیے مؤثر پالیسی سازی بھی کی جا سکے۔
Comments are closed.