ایف آئی اے کی فیصل آباد ایئرپورٹ پر کارروائی، جعلی مارشل آرٹس کھلاڑیوں کے روپ میں روس جانے والے پانچ مسافر گرفتار
انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام ، کم عمر لڑکوں سمیت جعلی ٹیم کے تمام ارکان ایف آئی اے کے حوالے
فیصل آباد
فیصل آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن کی جانب سے ایک بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی جس میں خود کو مارشل آرٹس کے کھلاڑی ظاہر کر کے بیرون ملک جانے والے پانچ مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا ۔
یہ تمام مسافر فلائٹ نمبر FZ392 کے ذریعے روس روانہ ہونے والے تھے آف لوڈ کیے جانے والے مسافروں میں اقبال مرتضیٰ عبدالوہاب شاہزیب خان سمیع اللہ اور محمد سلیمان شامل ہیں جن کا تعلق لاہور گجرانوالہ حافظ آباد نوشہرہ اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے بتایا گیا ہے ۔
ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ تمام افراد نے خود کو مارشل آرٹس کے کھلاڑی ظاہر کیا تھا لیکن ان میں سے کوئی بھی اس کھیل سے واقف نہ تھا ۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق کم عمر مسافروں سمیع اللہ اور سلیمان کو بھی جعلی کھلاڑی بنا کر ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ ٹیم کے مبینہ ہیڈ اقبال مرتضیٰ کے پاس نہ تو کسی ایونٹ کی رجسٹریشن تھی اور نہ ہی روس سے کوئی دعوت نامہ موجود تھا ۔
گرفتار کیے گئے دو ٹرینرز شاہزیب خان اور عبدالوہاب کو بھی کھیل سے متعلق کسی قسم کی معلومات حاصل نہیں تھیں ، مسافروں کو آف لوڈ کرنے کے بعد ایف آئی اے امیگریشن نے انہیں اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل فیصل آباد کے حوالے کر دیا ، جس نے تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ انسانی اسمگلنگ کی ایک واضح کوشش تھی جسے ایف آئی اے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا مزید تحقیقات جاری ہیں اور دیگر ممکنہ سہولت کاروں اور نیٹ ورک کا بھی سراغ لگایا جا رہا ہے
Comments are closed.