گولی سے بات کرنے والوں کو گولی سے ہی جواب دینا ہوگا،طلال چوہدری

خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردی کے خلاف دوٹوک موقف سے گریزاں ہے ، وزیرِ مملکت داخلہ

دہشت گردوں سے بات نہیں ہو سکتی،گولی سے بات کرنے والوں کو گولی سے ہی جواب دینا ہوگا،طلال چوہدری

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومتوں کو جلسے اور جلوس کرنے کا حق حاصل ہے، مگر انہیں دہشت گردی کے حوالے سے دو ٹوک اور واضح بیانیہ اپنانا ہوگا اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کرنا ہوگا، نہ کہ ہر روز ابہام پیدا کرنے کی کوشش کریں۔

فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کی کہ وہ دہشت گردوں کے حوالے سے نرم رویہ رکھتی ہے اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی تعداد میں اضافے پر خاموش ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ دہشت گردوں کے ساتھ بات چیت نہیں ہو سکتی کیونکہ وہ گولی سے بات کرتے ہیں اور انہیں گولی سے ہی جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں کو خوارج کو آزاد اور محفوظ بنانے کی کوششوں کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی ہوں گی، بشمول سی ٹی ڈی، فرانزک لیب اور سیف سٹی منصوبوں کے قیام کے۔

انہوں نے صوبے میں دہشت گردی کے خلاف 600 ارب روپے کے فنڈز کے استعمال پر سوال اٹھایا اور کہا کہ فورسز کے لیے نہ سہولتیں ہیں نہ ہتھیار، اور سیاسی جماعتیں اپنا کردار ادا نہیں کر رہیں۔

طلال چوہدری نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد میں سیاسی اور صوبائی حکومتوں کی کوتاہیوں کی نشاندہی کی اور کہا کہ ہمارے جوان بہادری سے لڑ رہے ہیں لیکن انہیں مکمل سپورٹ نہیں ملتی۔ کرک میں ایک کامیاب آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ 17 دہشت گرد ہلاک اور 6 زخمی گرفتار ہوئے ہیں، جبکہ صرف تین جوان معمولی زخمی ہوئے۔

انہوں نے عمران خان پر بھی تنقید کی کہ ان کا بیانیہ بھارت اور اسرائیل کے بیانیہ سے ملتا ہے اور وہ دہشت گردوں کے خلاف سخت موقف نہیں اپناتے۔ سفارتی محاذ پر وزیر نے وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عالمی تعلقات بہتر کیے ہیں، مگر یہ کامیابیاں اس وقت تک عوام تک نہیں پہنچ سکتیں جب تک صوبائی حکومتیں وفاق کا ساتھ نہ دیں۔

آخر میں انہوں نے پاک بھارت ایشیا کپ کے حوالے سے کہا کہ کھیل میں جیت ہار کو کھیل تک محدود رکھیں اور اپنی ٹیم کی حمایت کریں اور امید ظاہر کی کہ پاکستان بھارت کو ہرائے گا ۔

Comments are closed.