اسلام آباد : ایف آئی اے کی کامیاب کارروائی ، کرپشن، جعلسازی اور دھوکہ دہی میں ملوث سرکاری افسر سمیت 6 ملزمان گرفتار

اسلام آباد : ایف آئی اے کی کامیاب کارروائی ، کرپشن، جعلسازی اور دھوکہ دہی میں ملوث سرکاری افسر سمیت 6 ملزمان گرفتار

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کرپشن، بدعنوانی اور دھوکہ دہی میں ملوث سرکاری اہلکار سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار افراد میں محمد منیر، عابد علی، محمد عمران، عماد احمد، سعد احمد اور اشتیاق احمد شامل ہیں۔ ملزم محمد منیر وفاقی حکومت کے ادارے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن (FGEHF) میں بطور ڈپٹی ڈائریکٹر تعینات تھا جبکہ دیگر ملزمان کرپشن سے حاصل کردہ رقم کے بینیفشری ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ تمام ملزمان اختیارات کے ناجائز استعمال، جعلسازی اور دھوکہ دہی میں ملوث رہے ہیں۔ یہ کارروائی موضع تھلہ سیداں، سیکٹر جی 14 کے سب سیکٹرز میں سپلیمنٹری ایوارڈ آف بلٹ اپ پراپرٹیز (BUPs) سے متعلق جعلسازی کے معاملے پر عمل میں لائی گئی۔

ملزمان نے مبینہ طور پر اصل مالکان کے نام جاری کیے گئے بی یو پیز کے ساتھ ساتھ مزید 5 بی یو پیز پر غیر قانونی طور پر پرائیویٹ افراد کو شریک مالک ظاہر کیا۔ ان پرائیویٹ افراد نے جعلی کوائف کی بنیاد پر بڑی رقوم حاصل کیں، جس سے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق اس جعلسازی میں سرکاری اہلکاروں کی ملی بھگت بھی شامل ہے۔ تمام ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور مزید انکشافات کی توقع ہے۔

Comments are closed.