اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے اہلکاروں کا کرپشن اسکینڈل بے نقاب، دو اہلکار رنگے ہاتھوں گرفتار

اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے اہلکاروں کا کرپشن اسکینڈل بے نقاب، دو اہلکار رنگے ہاتھوں گرفتار

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اپنے ہی دو اہلکار، اے ایس آئی ارشد اور کانسٹیبل مجاہد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ دونوں اہلکار دورانِ ڈیوٹی موبائل فون استعمال کرتے ہوئے مشکوک سرگرمیوں میں مصروف تھے، جس پر شک کی بنیاد پر ان کے فونز چیک کیے گئے اور اندرونی کرپشن کا بھانڈا پھوٹ گیا۔

تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ دونوں اہلکار امیگریشن عملے کے ساتھ ملی بھگت کر کے بیرونِ ملک جانے والے مسافروں سے رشوت وصول کر رہے تھے۔ ازبکستان اور فلپائن جانے والے مسافروں سے فی کس پچاس ہزار روپے تک وصول کیے جانے کے ثبوت بھی موبائل فونز سے برآمد ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق موبائل فونز سے بھاری رقوم کی غیر قانونی ٹرانزیکشنز اور مختلف ایجنٹوں سے مسلسل رابطے کا ریکارڈ بھی حاصل کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے نے دونوں اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے عدالت سے تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے تاکہ مزید تفتیش کی جا سکے اور اس کرپشن نیٹ ورک کے دیگر کرداروں کو بھی بے نقاب کیا جا سکے۔

ترجمان ایف آئی اے نے واقعے پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے میں بدعنوانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے میں احتساب کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے اور کرپٹ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل جاری رہے گا۔

Comments are closed.