خیبر پختونخوا کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کا امکان، عمران خان اور گنڈاپور کی ملاقات میں اہم فیصلے
پشاور
ولی الرحمن
خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے اور پارٹی ذرائع کے مطابق یہ اہم تبدیلیاں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے درمیان گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات کے دوران زیر غور آئیں اور ان پر ابتدائی سطح پر اتفاق رائے بھی قائم ہو چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات کے بعد رات گئے تک پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے درمیان مشاورتی عمل جاری رہا جس میں کابینہ میں ممکنہ تبدیلیوں اور نئے وزراء کی شمولیت کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مجوزہ منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر صوبائی کابینہ میں دو سے تین نئے اراکین کو شامل کیا جائے گا جبکہ چند موجودہ وزراء کے قلمدان تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔ پارٹی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کابینہ کے دو اراکین سے متعلق شکایات بھی عمران خان کے سامنے پیش کیں جن پر بانی چیئرمین نے تحفظات کا نوٹس لیتے ہوئے ممکنہ فیصلوں کی منظوری دی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مجوزہ تبدیلیاں صرف وزارتی سطح تک محدود نہیں ہوں گی بلکہ ان کے بعد انتظامی ڈھانچے میں بھی اہم ردوبدل متوقع ہے جس میں بعض سیکرٹریز کو ان کے موجودہ عہدوں سے ہٹایا جا سکتا ہے اور انتظامی سیٹ اپ کو بہتر بنانے کے لیے نئے افسران کی تعیناتی کی جائے گی۔
باوثوق ذرائع کے مطابق ان تبدیلیوں کا مقصد نہ صرف صوبائی حکومت کی کارکردگی میں بہتری لانا ہے بلکہ حکومتی نظم و نسق کو فعال، شفاف اور مؤثر بنانا بھی ان اصلاحات کا حصہ ہے تاکہ عوامی سطح پر حکومت کے خلاف پائے جانے والے تحفظات کا ازالہ کیا جا سکے اور پارٹی کے اندرونی معاملات کو مستحکم بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔
Comments are closed.