برطانیہ سے چوری ہونے والی مہنگی رینج روور کراچی کے علاقے صدر سے ٹریک، انٹرپول کا سندھ پولیس سے رابطہ

برطانیہ سے چوری ہونے والی مہنگی رینج روور کراچی کے علاقے صدر سے ٹریک، انٹرپول کا سندھ پولیس سے رابطہ

 کراچی

برطانیہ سے چوری ہونے والی مہنگی ترین رینج روور گاڑی کو کراچی کے علاقے صدر میں ٹریک کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ گاڑی 22 نومبر 2022 کو برطانیہ کے علاقے ہیروگیٹ سے چوری ہوئی تھی، جس کے بعد سے یو کے پولیس اسے تلاش کر رہی تھی۔

گاڑی کی برآمدگی میں مدد کے لیے یو کے پولیس کی درخواست پر انٹرپول مانچسٹر نے سندھ پولیس کو باقاعدہ خط ارسال کیا ہے، جس میں درخواست کی گئی ہے کہ سیاہ رنگ کی رینج روور کی لوکیشن پاکستان میں ٹریک ہو گئی ہے، لہٰذا فوری کارروائی کی جائے۔

انٹرپول کی جانب سے موصولہ خط میں بتایا گیا ہے کہ گاڑی میں لگے ٹریکر کا رابطہ لیڈز کے قریب منقطع ہو گیا تھا، تاہم بعد میں 11 فروری 2025 کو اس کی لوکیشن کورنگی روڈ، اعظم بستی، صدر کراچی میں سامنے آئی۔ انٹرپول نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ گاڑی کی مکمل تفصیلات انٹرپول ایس ایم وی (Stolen Motor Vehicle) ڈیٹا بیس میں محفوظ ہیں۔

ذرائع کے مطابق سندھ پولیس نے انٹرپول کی درخواست موصول ہونے کے بعد گاڑی کی تلاش کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، اور کراچی میں مخصوص مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

یہ معاملہ پاکستان میں گاڑیوں کی اسمگلنگ اور غیرقانونی درآمد سے متعلق ایک اور سنجیدہ سوال کھڑا کرتا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر چوری شدہ گاڑی پاکستان کیسے پہنچی، اور یہاں کیسے رجسٹر ہوئی یا استعمال ہو رہی تھی۔

Comments are closed.