سکیورٹی فورسز کی کارروائی، خواتین کا لباس پہن کر فرار ہونیوالے 4 دہشتگرد گرفتار

سکیورٹی فورسز کی کارروائی، خواتین کا لباس پہن کر فرار ہونیوالے 4 دہشتگرد گرفتار

راولپنڈی

بلوچستان کے ضلع خضدار میں سکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارت کے حمایت یافتہ گروہ “فتنہ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ کارروائی دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کی گئی، جس دوران دہشت گرد خواتین کا لباس پہن کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے تاہم سکیورٹی فورسز نے انہیں بروقت گرفتار کر لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گرفتار دہشت گرد مختلف تخریبی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس اور دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بھی شروع کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا قلع قمع کیا جا سکے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی پاکستان میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خلاف جاری عزم کا مظہر ہے، اور قوم کی غیرمتزلزل حمایت سے ان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز ملک میں امن و امان کی بحالی اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھیں گی۔

Comments are closed.