مشعال ملک کی نیشنل پریس کلب میں پولیس تشدد کی شدید مذمت : آزادیٔ صحافت پر حملہ ناقابل برداشت قرار

 مشعال ملک کی نیشنل پریس کلب میں پولیس تشدد کی شدید مذمت : آزادیٔ صحافت پر حملہ ناقابل برداشت قرار

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پولیس کے دھاوے، صحافیوں اور پرامن کشمیری مظاہرین پر تشدد کے واقعے پر کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ مشعال ملک نے کہا ہے کہ پریس کلب صحافیوں کا گھر ہے اور اس پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صحافی اپنی صحافتی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے اور ان پر تشدد آزادیٔ صحافت پر سیدھا حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا اور یہ واقعہ صحافتی برادری کے خلاف بدترین اقدام ہے۔

مشعال ملک نے اس واقعے پر صحافی برادری کے غم و غصے کو بالکل جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے سول سوسائٹی اور کشمیری مظاہرین کی گرفتاری پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے دوران گرفتاریوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے کیونکہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی اور جمہوری حق ہے۔ مشعال ملک نے مطالبہ کیا کہ گرفتار افراد کو فوری رہا کیا جائے اور واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

Comments are closed.