وزیراعظم شہباز شریف کا آزاد کشمیر معاہدے کا خیرمقدم، امن کے قیام کو بڑی کامیابی قرار

وزیراعظم شہباز شریف کا آزاد کشمیر معاہدے کا خیرمقدم، امن کے قیام کو بڑی کامیابی قرار

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر میں حکومت اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان اور آزاد کشمیر کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ وزیراعظم نے مذاکراتی عمل کی کامیابی پر حکومتی ٹیم اور مذاکراتی کمیٹی کے تمام ارکان کو خراج تحسین پیش کیا۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ مذاکرات کے نتیجے میں امن کا قیام اور حالات کا معمول پر آنا خوش آئند ہے، اور الحمداللہ تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آخرکار سازشیں اور افواہیں دم توڑ گئیں، اور حقیقی قیادت اور سنجیدہ کوششوں سے مسائل کا پرامن حل ممکن ہوا۔

وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ عوامی مفاد اور امن حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور آزاد کشمیر کی خدمت کا عمل جاری رہے گا۔ انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور ریاستی اداروں پر اعتماد رکھیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ماضی میں بھی کشمیری عوام کے حقوق کا تحفظ کیا، اور آئندہ بھی ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے مسائل ہمیشہ حکومت کی توجہ کا مرکز رہے ہیں اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی گئی ہے۔

وزیراعظم نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اراکین کا بھی شکریہ ادا کیا اور امن کے قیام پر مبارکباد پیش کی۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ نہ صرف موجودہ بحران کے خاتمے کا باعث بنا بلکہ مستقبل کے لیے ایک پائیدار راستہ بھی متعین کرتا ہے۔

Comments are closed.