حماس کا ردعمل ذمہ دارانہ اور باوقار، فلسطینی عوام کی امنگوں کا ترجمان ہے ، حافظ نعیم الرحمن

 حماس کا ردعمل ذمہ دارانہ اور باوقار، فلسطینی عوام کی امنگوں کا ترجمان ہے ، حافظ نعیم الرحمن

لاہور

جماعت اسلامی پاکستان نے غزہ امن معاہدے پر فلسطینی تنظیم حماس کے ردعمل کو ذمہ دارانہ اور باوقار حل کی جانب ایک سنجیدہ پیش قدمی قرار دیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حماس کا ردعمل فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق اور ان کی سیاسی و قومی بصیرت کا آئینہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حماس نے بین الاقوامی دباؤ یا اشتعال انگیزی کے بجائے ذمہ داری اور وقار کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن منصوبے پر مدلل اور واضح موقف پیش کیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کے مطابق حماس عارضی نہیں بلکہ مستقل جنگ بندی چاہتی ہے اور قیدیوں کے تبادلے پر آمادگی کے ساتھ ساتھ اس عمل کے لیے مناسب حالات کی فراہمی کا مطالبہ بھی بالکل جائز اور منطقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج کا مکمل انخلا اور غزہ میں بین الاقوامی انتظام کے بجائے فلسطینی ٹیکنوکریٹس کی زیر نگرانی سیٹ اپ حماس کا ایک سو فیصد جائز اور اصولی مؤقف ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حماس نے اپنے جواب میں غیر ضروری امور سے اجتناب کرتے ہوئے اصل نکات پر توجہ مرکوز رکھی ہے، اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ تنظیم مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثالثوں کے ذریعے ان تمام نکات پر مزید تفصیلات پر مذاکرات ہوں گے، اور مسلم دنیا کو اس عمل کی مکمل حمایت کرنی چاہیے۔

حافظ نعیم الرحمان نے پاکستان سمیت تمام مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ حماس کے موقف کا کھل کر خیرمقدم کریں، کیونکہ یہ نہ صرف فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرتا ہے بلکہ خطے میں پائیدار امن کی راہ بھی ہموار کرتا ہے۔

Comments are closed.