عمران خان کی فلسطین پالیسی قائداعظم کے نظریے کا تسلسل ہے، بیرسٹر سیف

عمران خان کی فلسطین پالیسی قائداعظم کے نظریے کا تسلسل ہے، بیرسٹر سیف

پشاور

خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ عمران خان کی فلسطین سے متعلق پالیسی وہی ہے جو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی تھی۔ انہوں نے زور دیا کہ فلسطین پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ عوام کا منتخب کردہ وزیراعظم عمران خان ہے، جسے جھوٹے اور سیاسی بنیادوں پر قائم کیے گئے مقدمات کے تحت قید کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نہ صرف پاکستان بلکہ امت مسلمہ کے مسائل پر دوٹوک مؤقف رکھتے ہیں، اور فلسطین پر ان کا مؤقف قائداعظم کے تاریخی مؤقف کا تسلسل ہے۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزادی کے مؤقف کا حامی رہا ہے، اور عمران خان کی قیادت میں یہی مؤقف مضبوطی سے پیش کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، اور پاکستان کو ان کے شانہ بشانہ کھڑا رہنا چاہیے، جیسا کہ قائداعظم نے قیام پاکستان سے قبل ہی واضح کر دیا تھا۔

بیرسٹر سیف نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو قیادت عوام کی حقیقی نمائندہ نہ ہو، وہ قومی اور عالمی ایشوز پر مؤثر کردار ادا نہیں کر سکتی۔ ان کے مطابق عمران خان کی آزادی ہی پاکستان کی خودمختاری اور اصولی خارجہ پالیسی کی ضمانت ہے۔

Comments are closed.