ایف ڈی اے کا تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن، 48 دکانداروں کے خلاف چالان

فیصل آباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا تجاوزات کے خلاف بڑا اقدام ، ملت ٹاؤن اور گلستان کالونی میں آپریشن، 48 دکانداروں کے خلاف چالان

فیصل آباد

ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں تجاوزات کے خلاف بھرپور اور مسلسل آپریشن جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ملت ٹاؤن اور گلستان کالونی کے مختلف بازاروں سے تمام عارضی تجاوزات کا خاتمہ کر دیا ہے۔

کارروائی کے دوران تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان ضبط کر لیا گیا، جب کہ 48 دکانداروں کے خلاف چالان تیار کر کے انہیں سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیا گیا۔ یہ آپریشن ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج کی نگرانی میں انجام دیا گیا، جنہوں نے ٹیم کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کر کے تجاوزات کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

تفصیلات کے مطابق اکبر چوک گلستان کالونی اور ملت ٹاؤن کے مین روڈز پر کئی دکاندار، ریڑھی بان، پھل و سبزی فروش اور دیگر کاروباری افراد نے سڑکوں اور سرکاری جگہوں پر اسٹالز اور سامان لگا کر نہ صرف ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ پیدا کی ہوئی تھی بلکہ عوامی گزرگاہیں بھی مسدود کر رکھی تھیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان تجاوزات کو ہٹایا اور غیرقانونی طور پر رکھے گئے سامان کو قبضے میں لے لیا۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے واضح وارننگ دی گئی ہے کہ تمام دکاندار اپنا کاروباری سامان اپنی دکانوں کی مقررہ حدود میں رکھیں، اور کسی بھی قسم کی عارضی یا پختہ تجاوزات سے گریز کریں۔

ترجمان ایف ڈی اے کے مطابق، آئندہ انسپکشن کے دوران اگر کسی بھی جگہ سرکاری سڑکوں، عوامی گزرگاہوں یا دیگر جگہوں پر تجاوزات پائی گئیں تو متعلقہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، اور باز نہ آنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کیے جا سکتے ہیں۔

ایف ڈی اے نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ تجاوزات کے خاتمے میں تعاون کریں اور ایسی کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع فوری طور پر ایف ڈی اے ہیلپ لائن پر دیں، تاکہ فیصل آباد کو ایک صاف، منظم اور عوام دوست شہر بنایا جا سکے۔

Comments are closed.