ین اے 185 ڈیرہ غازی خان : ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری، انتخابی سرگرمیاں بحال

ین اے 185 ڈیرہ غازی خان : ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری، انتخابی سرگرمیاں بحال

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-185 ڈیرہ غازی خان-2 میں تمام انتخابی سرگرمیاں بحال کرتے ہوئے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ نشست خالی ہونے کے بعد یہ حلقہ سیاسی لحاظ سے سرگرمیوں کا مرکز بن چکا ہے، اور اب باقاعدہ انتخابی عمل کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی 9 تا 11 اکتوبر 2025 تک جمع کروائے جا سکیں گے، جبکہ 13 اکتوبر کو امیدواروں کے ناموں کی ابتدائی فہرست شائع کی جائے گی۔

کاغذات کی جانچ پڑتال 20 اکتوبر کو ہو گی، اور ریٹرننگ آفیسر کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 24 اکتوبر تک دائر کی جا سکیں گی۔ اپیلٹ ٹربیونل ان اپیلوں پر فیصلے 31 اکتوبر کو سنائے گا۔

نظرثانی شدہ امیدواروں کی فہرست 1 نومبر کو جاری کی جائے گی، جبکہ کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے اور حتمی فہرست کی اشاعت 3 نومبر کو ہو گی۔ امیدواروں کو انتخابی نشانات 4 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔

حلقہ این اے-185 میں پولنگ 23 نومبر 2025 کو ہو گی۔

الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ شیڈول پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ ڈیرہ غازی خان کے اس حلقے میں سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

Comments are closed.