اسلام آباد ٹریفک پولیس کی بھرپور کارروائیاں، چار روز میں 28 لاکھ سے زائد جرمانے وصول

اسلام آباد ٹریفک پولیس کی بھرپور کارروائیاں، چار روز میں 28 لاکھ سے زائد جرمانے وصول

شہری ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل ہرگز نہ چلائیں، چیف ٹریفک آفیسر

اسلام آباد

شمشاد مانگٹ

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے دارالحکومت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران چار روز میں مجموعی طور پر 9 ہزار سے زائد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 28 لاکھ 33 ہزار روپے کے جرمانے وصول کیے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق یکم اکتوبر سے 4 اکتوبر تک لین وائلیشن، فینسی نمبر پلیٹس، ون ویلنگ اور کالے شیشوں کے خلاف خصوصی مہم جاری رہی جس دوران 2 ہزار 500 سے زائد موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں بند کیا گیا۔ پولیس کے مطابق لین وائلیشن پر 411، سرخ سگنل اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس پر 346، کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف 42، ڈبل سواری پر 273، بغیر لائسنس 84 اور دیگر ٹریفک خلاف ورزیوں پر سینکڑوں چالان جاری کیے گئے۔

ترجمان کے مطابق مہلت ختم ہونے کے بعد پہلے روز خصوصی کارروائی کے دوران 532 موٹر سائیکلوں اور 60 گاڑیوں کو تھانوں میں بند کر کے 2 ہزار 200 سے زائد چالان کیے گئے جن میں 1 ہزار 100 سے زائد موٹر سائیکل سوار شامل تھے۔ ان میں لین وائلیشن پر 90، ہیوی سائلنسر پر 5، سرخ سگنل اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس پر 426، بغیر اشاروں و شیشوں پر 134، کم عمر ڈرائیوروں پر 99، ڈبل سواری پر 71، بغیر ہیلمٹ 405 اور بغیر لائسنس پر 34 چالان شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق ٹریفک قوانین کی مختلف خلاف ورزیوں پر کل 24 مقدمات (FIRs) کا اندراج بھی کیا گیا۔ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق لین وائلیشن پر 3 ہزار، بغیر لائسنس HTV پر 8 ہزار، LTV پر 3 ہزار، موبائل فون استعمال کرنے پر 1 ہزار 500، سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر 1 ہزار 500، ون وے خلاف ورزی پر 1 ہزار اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 1 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

ان تمام چالانوں سے حاصل شدہ رقم کا مجموعی تخمینہ 28 لاکھ 33 ہزار روپے بنتا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کے مطابق شہری ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں، ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل ہرگز نہ چلائیں اور اپنی لین میں رہ کر گاڑی چلائیں تاکہ حادثات میں کمی اور قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Comments are closed.